0
Friday 10 Apr 2015 00:59

دورۂ پاکستان مفید تھا، فوجی آپشن علاقائی مسائل کے حل کیلئے کارگر ثابت نہیں ہوسکتا، جواد ظریف

دورۂ پاکستان مفید تھا، فوجی آپشن علاقائی مسائل کے حل کیلئے کارگر ثابت نہیں ہوسکتا، جواد ظریف
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے دو روزہ دورۂ پاکستان اور اس ملک کے اعلٰی حکام کے ساتھ اپنی ملاقاتوں اور مذاکرات کو مثبت قرار دیا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ بدھ کے روز اسلام آباد پہنچے تھے۔ جمعرات کے دن انھوں نے اسلام آباد سے روانہ ہونے سے قبل نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے کے موقع پر پاکستانی حکام کے ساتھ دوطرفہ تعلقات، اقتصادی، سیاسی اور سکیورٹی کے میدانوں میں باہمی تعاون اور سرحدی مشکلات کی روک تھام کے لئے ہم آہنگی کے بارے میں اچھے مذاکرات ہوئے۔ محمد جواد ظریف نے کہا کہ پاکستانی حکام کے ساتھ ان کے مذاکرات کے دوران زیر بحث آنے والا ایک موضوع ایران، پاکستان اور افغانستان کے سرحدی علاقوں میں سکیورٹی سخت کرنے سے عبارت تھا، جس کا تعلق منشیات، دہشتگردی، انتہاء پسندی اور تشدد کے ساتھ ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اسلام آباد کے اعلٰی حکام کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں خطے کی صورتحال اور علاقائی مسائل کے سیاسی حل کی ضرورت اور اس بات پر تبادلۂ خیال کیا گیا کہ فوجی آپشن علاقائی مسائل کے حل کے لئے کارگر ثابت نہیں ہوسکتا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مذاکرات کے ذریعے خطے میں قیام امن کے لئے سنجیدہ اقدام کیا جائے گا۔

محمد جواد ظریف نے اپنے دو روزہ دروۂ اسلام آباد کے موقع پر پاکستان کے اعلٰی ترین حکومتی، فوجی اور پارلیمانی عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں۔ محمد جواد ظریف نے جن عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں، ان میں وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، سینیٹ کے چیئرمین میاں رضا ربانی اور وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور و قومی سلامتی سرتاج عزیز شامل ہیں۔ محمد جواد ظریف نے ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلۂ خیال کے علاوہ یمن کے امور میں دوسرے ممالک کی جانب سے مداخلت نہ کئے جانے کی ضرورت پر بھی تاکید کی اور کہا کہ ایران یمن میں فوری طور پر جنگ بندی، اس ملک میں انسانی دوستی پر مبنی امداد بھیجے جانے، یمن کے گروہوں کے درمیان مذاکرات اور اس ملک کے عوام کے لئے قابل قبول وسیع البنیاد حکومت کی تشکیل کا خواہاں ہے۔
خبر کا کوڈ : 453286
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش