0
Sunday 24 May 2015 13:01

مہمان زمبابوین کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں، علامہ عارف واحدی

مہمان زمبابوین کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں، علامہ عارف واحدی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا ہے کہ مہمان زمبابوین کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں، چھ سال بعد بین الاقوامی مہمانوں کی آمد نہ صرف خوش آئند ہے بلکہ دنیا کی توجہ اس جانب بھی مبذول کرانے میں مددگار ثابت ہوگا کہ اب پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے، پنجاب حکومت عوام کی شہری آزادیوں کا بھی خیال رکھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چھ سال بعد بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی پر اپنے خیر مقدمی بیان میں کیا۔ علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ ہم پاکستان میں مہمان زمبابوین ٹیم کوخوش آمدید کہتے ہیں جبکہ مہمان ٹیم کی پاکستان آمد سے ایک مرتبہ پھر بین الاقوامی کھیل کے میدان آباد ہونے سے نہ صرف انٹرنیشنل سطح پر اعتماد بحال ہوگا بلکہ معاشی استحکام کی جانب بھی یہ اہم قدم ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہونے کے بعد اب دنیا کی توجہ اس جانب مبذول ہونے میں بھی کسی حد تک کامیابی ملی ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے بعد اب ارض وطن ایک مرتبہ پھر امن و امان کی صورتحال بہتری جانب گامزن ہوگئی ہے۔

انہوں نے آرمی چیف کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم امید رکھتے ہیں کہ اب شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اقدامات مزید تیز تر کئے جائینگے اور عشروں سے امن کو ترستی عوام کو سکھ کا سانس لینا بھی نصیب ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی مہمانوں کی طویل عرصے بعد پاکستان آمد پر قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے بھی انہیں خوش آمدید کہا ہے اور اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ اب ارض وطن پاکستان امن و امان کی بحالی کی جانب گامزن ہے۔ علامہ عارف حسین واحدی نے پنجاب میں مذہبی پروگراموں کو صوبائی حکومت کے اجازت نامے سے مشروط کرنے پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ پنجاب حکومت عوام کی شہری آزادیوں کا خیال رکھے کیونکہ اس اقدام سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیسے پنجاب حکومت دہشت گردوں کی بجائے پرامن لوگوں کو تنگ کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔
خبر کا کوڈ : 462730
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش