0
Saturday 30 May 2015 18:16

بلدیاتی انتخابات، کے پی میں پولنگ کے خاتمے کے بعد گنتی کا عمل شروع

بلدیاتی انتخابات، کے پی میں پولنگ کے خاتمے کے بعد گنتی کا عمل شروع
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہوچکا اور اب ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں 41 ہزار 7سو 62 نشستوں پر 88 ہزار سے زائد امیدوار ہیں۔ انتخابی عمل کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں، بڑی تعداد میں سیکیورٹی اہلکار مختلف مقامات پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔ الیکشن کے دوران سیکیورٹی کے لیے 86 ہزار 115 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
جبکہ صوبے بھر میں 11 ہزار 2 سو 11 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ ان پولنگ اسٹیشنز میں سے 2 ہزار 8 سو 37 انتہائی حساس، 3 ہزار 9 سو 40 حساس، جبکہ 4 ہزار 3 سو 40 کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔ ویلج کونسل اور نیبرہوڈ کونسلوں کی 39 ہزار سے زائد نشستوں کے لیے 77 ہزار سے زائد امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ تحصیل اور ڈسٹرکٹ کونسلوں کی 1 ہزار 956 نشستوں کے لیے 11 ہزار387 امیدواروں مد مقابل ہیں۔
خیبر پختونخوا میں کل رجسٹرڈ ووٹر کی تعداد ایک کروڑ 30 لاکھ 35 ہزار 759 ہے، جن میں مرد ووٹرز 74 لاکھ 38 ہزار 796 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 55 لاکھ 96 ہزار 903 ہے۔ جبکہ پولنگ کے لیے ایک لا کھ 34 ہزار 324 افراد انتخابی عملہ تعینات کیا گیا ہے۔ پولنگ کے دوران ہر ووٹر سات ووٹ ڈالے گا، جس کے لیے صوبے بھر میں 7 کروڑ 22 لاکھ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں۔
انتخابات میں ڈسٹرکٹ کونسل کی جنرل نشست کے لیے نارنجی، تحصیل جنرل کونسل کے لیے گرے اور ویلج کونسل کے جنرل نشست کے لیے سفیدرنگ کا بیلٹ پیپر ہے۔ اسی طرح خواتین کی نشست کے لیے گلابی، مزدور کسان کے لیے ہلکا سبز، یوتھ کے لیے زرد اور اقلیتی نشست کے لیے بھورے رنگ کا بیلٹ پیپر استعمال ہورہا ہے۔
 
پولنگ ایجنٹ سے تلخ کلامی
پشاور کے علاقے نشتر آباد کے پولنگ بوتھ میں تحریک انصاف کے کارکن اور پولنگ ایجنٹ میں تلخ کلامی کے بعد پولنگ کا عمل روک دیا گیا۔
خواتین ووٹ ڈالنے نہیں آئیں
شانگلہ میں خواتین کو پولنگ سے روک دیا گیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق عمائدین کے متفقہ فیصلے کے باعث شانگلہ بھر میں خواتین ووٹ پول نہیں کر سکیں گی۔ پار ہوتی، مردان، صوابی، لوئردیر، بونیر، پیر بابا سمیت بعض یونین کونسلز میں خواتین ووٹرز ووٹ ڈالنے نہیں آئیں۔
بیلٹ پیپرز میں غلطی
ڈیرہ اسماعیل خان میں بیلٹ پیپرز پر لیڈی کونسلر، یوتھ کونسلر اور کسان کونسلر کے انتخابی نشانات نہیں تھے جس کے بعد پولنگ کا عمل روک دیا گیا۔  کرک میں یونین کونسل جہانگیری کے 2 پولنگ اسٹیشن بد انتظامی کے باعث بند کیے گئے۔
لڑائی اور عملے پر تشدد کے  باعث پولنگ بند
ایبٹ آباد کے پولنگ اسٹیشن نمبر چار پر پی ٹی آئی اور ن لیگ کارکنان کے درمیان جھگڑے کےبعد پاک فوج کی کوئیک ریسپانس فورس کے دستے تعینات کردیے گئے۔ کرک کے علاقوں اینزر بانڈہ میں خواتین اور ڈگر قلعہ میں مردوں کے پولنگ بوتھ بند کیے گئے۔ چارسدہ میں ایک ہریزائڈنگ افسر پر تشدد کیا گیا جس کے بعد پولنگ روک دی گئی تھی۔ پرہذائڈنگ افسر پر تشدد کے بعد فوج کو طلب کر لیا گیا جس کے بعد پولنگ دوبارہ شروع ہوئی۔ ہری پور کے سرائے نعمت خان کے پولنگ اسٹیشن پر دو گروپوں میں تصادم ہوا جس میں 3افراد زخمی ہوئے جس کے بعد پولنگ اسٹیشن میں بدنظمی پر فوج نے کنٹرول سنبھال لیا۔ نوشہرہ کی رشکئی یونین کونسل میں مختلف پولنگ اسٹیشنز پر امیدواروں کے حامیوں میں تصادم ہوا، جس کے بعد مشتعل افراد نے بیلٹ بکس توڑ دیئے جس کے باعث پولنگ روک دی گئی۔
ڈیوٹی پر متعین افیسرز کی جانب سے دھاندلی
کوہاٹ میں خاتون پریزائیڈنگ افسر کو تحریک انصاف کے لیے اضافی ووٹ ڈالوانے پر معطل کر دیا۔ خاتون پریزائیڈنگ افسر کو محمد علی اصغر نے حکم دیا کہ پانچ منٹ کے اندر پولنگ سٹیشن چھوڑ دو، ورنہ گرفتار کر لیا جائے گا۔
بیلٹ پیپرز آوٹ ہونے پر احتجاج
پشاور کی یو سی پجگی کی یونین کونسل خدرہ خیل میں ووٹرز، بیلٹ پیپرز پولنگ اسٹیشن سے باہر لے آئے۔ بیلٹ پیپر آؤٹ ہوئے تو اہل علاقہ نے احتجاج کرتے ہوئے چارسدہ روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔ نیز بعض مقامات پر مناسب انتظامات نہ ہونے پر کئی خواتین گھروں کو لوٹ گئیں۔
مردان کی اسکندری ٹو اور تھری یونین کونسل میں امن و امان کے قیام کے لیے رینجرز طلب کی گئی جس کے بعد متاثرہ علاقوں میں رینجرز نے گشت کیا۔ انچارج کنٹرول روم نے بتایا کہ پشاور اور ایبٹ آباد سے لڑائی جھگڑوں کی شکایات موصول ہوئیں۔
دوبارہ انتخاب کا اعلان
الیکشن کمیشن نے ان امیدواروں کے لیے دوبارہ الیکشن کا اعلان کیا جن کے انتخابی نشان ووٹ پر غلط چھپ گئے تھے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ جس امیدوار کا انتخابی نشان غلط پرنٹ ہوا، وہاں بھی پولنگ دوبارہ ہوگی، کچھ روز میں دوبارہ پولنگ کا اعلان کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ جن حلقوں اور پولنگ اسٹیشنز میں ووٹ نہیں ڈالے گئے وہاں پولنگ دوبارہ ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 464066
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش