0
Wednesday 5 Aug 2015 18:01

سپریم کورٹ کے فوجی عدالتوں کے حق میں فیصلے سے دہشتگردی کا خاتمہ ہوگا، علامہ نیاز نقوی

سپریم کورٹ کے فوجی عدالتوں کے حق میں فیصلے سے دہشتگردی کا خاتمہ ہوگا، علامہ نیاز نقوی
اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے نائب صدر علامہ قاضی نیاز حسین نقوی نے سپریم کورٹ کے فوجی عدالتوں کے قیام کے حق میں فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی اور عسکری قیادت کے بعد عدلیہ کا مجرموں کے خلاف اتحاد دہشت گردی کے خاتمے میں مدد گار ثابت ہوگا۔ ایران اور عراق کے دورے کے بعد وطن واپس پہنچنے کے بعد جامعۃ المنتظر لاہور میں مدرسین کے اجلاس سے خطاب میں علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فوجی عدالتوں کے حق میں فیصلے سے دہشت گردی کے خلاف جنگ مضبوط اور تیز ہوگی، مجرم کیفر کردار تک پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی طرف سے دو سال کے لئے فوجی عدالتوں کے قیام سے عوام کو اس توقع پیدا ہوئی تھی کہ اب اسلام اور ملک دشمن عناصر کا قلع قمع ہوگا، جس کی سپریم کورٹ نے بھی تصدیق کر دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں امن کے قیام کے لئے سخت فیصلے کرنا ہوں گے، اس حوالے سے آئینی اداروں کا تحرک قوم کی تسلی کا باعث ہے، امید کرتے ہیں کہ فوجی عدالتیں دہشت گردوں کو انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں گی، تاکہ دہشت گردی میں شہید ہونے والوں کے ورثا کو تسلی ہو کہ انہیں انصاف فراہم کیا گیا ہے۔ علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ دہشت گردی مسلکی اختلافات نہیں، سیاسی مقاصد کے لئے بیرونی مداخلت کی وجہ سے ہوئی، جب نجی جہادی لشکر تشکیل دیئے گئے اور انقلاب اسلامی ایران کے اثرات کو روکنے کے لئے فرقہ وارانہ تنظیموں کی سرپرستی کی گئی تب حالات بگڑے، لیکن اب لوگ سمجھ چکے ہیں کہ بدامنی اور فسادات کا ذمہ دار کون ہے۔؟
خبر کا کوڈ : 478090
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش