0
Wednesday 12 Aug 2015 16:36

اسلام اور مسلمانوں کی آڑ میں داعش کے وحشیانہ اقدامات ناقابل برداشت ہیں، افغان طالبان

اسلام اور مسلمانوں کی آڑ میں داعش کے وحشیانہ اقدامات ناقابل برداشت ہیں، افغان طالبان
اسلام ٹائمز۔ افغان طالبان نے جنگجو تنظیم داعش کی جانب سے افغان شہریوں کو باندھ کر دھماکے کے ذریعے قتل کرنے کی ویڈیو کی شدید مذمت کی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گذشتہ دنوں منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ افغانستان کے کسی نامعلوم مقام پر داعش نے ہلاک کرنے سے قبل ان قیدیوں کو "مرتد" طالبان اور حکومت کا حامی قرار دیا۔ پانچ منٹ سے زائد دورانیے کی اس ویڈیو کو جہادی سوشل میڈیا فورم پر عربی اور پشتو زبان میں شیئر کیا گیا ہے، تاہم طالبان کی جانب سے ان کو افغانستان کا عام شہری قرار دیا گیا ہے۔ گذشتہ روز طالبان کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا کہ وحشیانہ ویڈیو میں خود کو داعش کا حامی قرار دینے والے اغوا کار متعدد قبائلی رہنماؤں اور دیہاتیوں کو دھماکے کے ذریعے ہلاک کر رہے ہیں۔ طالبان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایسے جرائم اور دیگر وحشیانہ واقعات، جو کچھ غیر ذمہ دارانہ جاہل افراد کی جانب سے اسلام اور مسلمانوں کی آڑ میں کئے جا رہے ہیں، ناقابل برداشت ہیں۔ ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد حالیہ دنوں میں افغان طالبان اور داعش کے درمیان جاری کشیدگی میں اضافے کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے، جہاں داعش کی جانب سے طالبان کو ان کے ہی علاقے میں چیلنج کیا جا رہا ہے۔

گذشتہ 14 سال سے افغانستان میں طالبان کی جانب سے امریکا، نیٹو اور افغان سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، جس میں سکیورٹی اہلکاروں سمیت ہزاروں افغان شہری بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔ یاد رہے کہ گذشتہ دنوں افغانستان کے صوبے فرح میں طالبان اور داعش کے جنگجوؤں کے درمیان مسلح چھڑپیں ہوئی تھی، جن میں دونوں گرپوں کے متعدد افراد ہلاک ہوئے۔ گذشتہ دنوں طالبان کے بانی رہنما ملا محمد عمر کی ہلاکت کی خبریں منظر عام پر آئیں تھیں، جس میں کہا گیا تھا کہ طالبان رہنما 2 سال قبل ہلاک ہوچکے ہیں۔ طالبان نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے ملا عمر کے نائب ملا اختر منصور کو طالبان کا نیا امیر مقرر کر دیا، تاہم طالبان شوریٰ کے اس فیصلے کو تنظیم کے متعدد دھڑوں نے ماننے سے انکار کر دیا تھا۔ ملا عمر کی ہلاکت کی خبریں منظر عام پر آنے سے قبل افغان حکومت اور طالبان کے درمیان پاکستان میں امن مذاکرات کا دوسرا دور شروع ہونے والا تھا، جسے طالبان نے معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔ افغان امن مذاکرات کے حمایتی امریکا نے گذشتہ دنوں طالبان اور افغان حکام کو مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ افغانستان میں طویل امن کے لئے مذاکرات انتہائی ضروری ہیں۔
خبر کا کوڈ : 479506
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش