0
Thursday 27 Aug 2015 13:39

ٹڈاپ اسکینڈل میں سابق وزیراعظم یوسف گیلانی اور امین فہیم کیخلاف ناقابل تردید ثبوت

ٹڈاپ اسکینڈل میں سابق وزیراعظم یوسف گیلانی اور امین فہیم کیخلاف ناقابل تردید ثبوت
اسلام ٹائمز۔ ایف آئی اے نے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی مالی اسکینڈل میں اربوں روپے کی خوردبرد کے الزام میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وفاقی وزیر مخدوم مخدوم امین فہیم کیخلاف مجموعی طور پر 24 مقدمات میں حتمی چالان آج بروز جمعرات جمع کرانے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں، کرپشن کی رقم وزیراعظم کی تنخواہ کے اکاؤنٹ میں جمع کرائی گئی، سندھ کے اہم ترین عہدے پر تعینات شخصیت کے صاحبزادے کی آڈٹ کمپنی کے 2 ڈائریکٹرز بھی ملزمان کی فہرست میں شامل ہوں گے۔ یوسف رضا گیلانی کے معتمد خاص اور سابق سیکریٹری وزیراعظم ہاؤس محمد زبیر سے کی جانے والی تفتیش کی روشنی میں ناقابل تردید شواہد کی موجودگی انتہائی مضبوط کیس تیار کئے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق 7 ارب روپے سے زائدمالیت کے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی مالی اسکینڈل میں ایف آئی اے کراچی نے گذشتہ سال اہم کامیابیاں حاصل کی تھیں، اور کاغذی کمپنیوں کے نام پر اربوں کی فریٹ سبسڈی حاصل کرنے کے الزام میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور مخدوم امین فہیم کیخلاف درجنوں مقدمات درج کئے تھے، تاہم بعد ازاں وفاقی حکومت کی مفاہمتی پالیسی آڑے آگئی، اور ایف آئی اے کو تقریباً ایک سال تک بیشتر مقدمات میں حتمی چالان جمع کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، تاہم ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ زون شاہد حیات کی جانب سے اس سلسلے میں ایف آئی اے اور وزارت داخلہ کو مسلسل یاد دہانی کرائے جانے کے نتیجے میں آخرکار کچھ دن قبل ایف آئی اے کو حتمی چالان جمع کرانے کی اجازت دیدی گئی، اور ایف آئی اے کرائم سرکل کے تفتیشی افسران کیجانب سے اس سلسلے میں مزید کسی تاخیر کے بغیر یوسف رضا گیلانی کیخلاف 10 مقدمات اور مخدوم امین فہیم کیخلاف 14 مقدمات میں حتمی چالان جمعرات کو جمع کرانے کی تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

حتمی چالان میں پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے دونوں اہم سیاسی رہنماؤں کیخلاف انتہائی مضبوط شواہد کی بنیاد پر کیسز بنائے گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق وزیراعظم کی تنخواہ کے اکاؤنٹ میں کرپشن کی رقم جمع کرائے جانے کے ناقابل تردید ثبوت حاصل کر لئے گئے ہیں، جبکہ سابق ڈپٹی سیکریٹری پرائم منسٹر ہاؤس کی ای میل کے ریکارڈ سے نہ صرف ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی، بلکہ دیگر اہم قومی اداروں میں کی جانے والی کرپشن کا حساب کتاب بھی حاصل کر لیا گیا ہے، جس کی بنیاد پر ایف آئی اے نے دیگر سمتوں میں تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا ہے، مخدوم امین فہیم کے خلاف بھی نئے شواہد کی بنیاد پر کیسز کے حتمی چالان جمع کرائے جائیں گے، اس کے علاوہ سندھ کی ایک اہم ترین سیاسی شخصیت کے صاحبزادے کی آڈٹ کمپنی کی جانب سے کاغذی کمپنیوں کے بوگس فریٹ سبسڈی کلیمز کی منظوری دیئے جانے کی بنیاد پر کمپنی کے 2 ڈائریکٹرز کو بھی حتمی چالان میں ملزم بنایا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 482307
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش