0
Monday 21 Sep 2015 22:56

الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے دوران دہشت گردی کا خدشہ ظاہر کر دیا

الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے دوران دہشت گردی کا خدشہ ظاہر کر دیا
اسلام ٹائمز۔ الیکشن کمیشن نے پنجاب اور سندھ کے بلدیاتی انتخابات کے دوران دہشتگردی کا خدشہ ظاہر کر دیا، سیکرٹری الیکشن کمیشن کہتے ہیں کہ عمران خان بطور رکن قومی اسمبلی مہم میں شرکت نہیں کر سکتے۔ بلدیاتی انتخابات میں انتخابی ضابطہ اخلاق پر چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی سربراہی میں اسلام آباد میں اہم اجلاس ہوا، جس میں صوبہ سندھ اور صوبہ پنجاب کے چیف سیکریٹریز، آئی جی صاحبان اور سیکرٹری بلدیات نے شرکت کی۔ اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صاف اور شفاف بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ پنجاب اور سندھ کے آئی جیز نے بلدیاتی انتخابات کے دوران دہشتگردی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ رینجرز کی تعیناتی کا فیصلہ صورتحال کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔

اجلاس میں آئی جی پنجاب نے لاہور واقعہ میں پولیس پر لگنے والے الزامات کو بھی بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں پنجاب پولیس کا کوئی سیاسی کردار نہیں ہو گا۔ سیکرٹری بابر یعقوب نے بتایا کہ صوبوں نے تمام تقرریاں اور تبادلے روکنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ کسی پارٹی سربراہ کے انتخابی مہم میں شرکت پر کوئی پابندی عائد نہیں تاہم عمران خان بطور رکن اسمبلی مہم میں حصہ نہیں لے سکتے۔ سیکرٹری بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے کسان ریلیف پیکج کو کلین چٹ نہیں دی گئی۔ الیکشن کمیشن ایک سے دو روز میں اپنا باضابطہ موقف دے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اٹک کے ضمنی الیکشن میں پہلی بار نتائج موبائل فون کے ذریعے مرتب کرنے کا تجربہ کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 486807
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش