0
Saturday 1 Jan 2011 10:45

بینظیر قتل کی سازش کسی بریگیڈیئر کے گھر نہیں بلکہ دہشت گرد ماسٹر مائنڈ کے گھر بنی،رحمن ملک

بینظیر قتل کی سازش کسی بریگیڈیئر کے گھر نہیں بلکہ دہشت گرد ماسٹر مائنڈ کے گھر بنی،رحمن ملک
کراچی:اسلام ٹائمز-وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو قتل کیس میں کسی بریگیڈیئر کو شامل تفتیش کرنے یا اس طرح کے کسی آفیسر کے گھر میں سازش کے تیار ہونے کی خبریں درست نہیں ہیں، بینظیر بھٹو کے قتل کی سازش دہشتگرد ماسٹر مائنڈ کے گھر تیار ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے، ابھی تک رپورٹ صدر سمیت کسی کو بھی نہیں پیش کی گئی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے مقامی اخبارات میں شائع ہونیوالی اس خبر کی شدید الفاظ میں تردید کی ہے کہ تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق بینظیر بھٹو کے قتل کی منصوبہ بندی کسی بریگیڈیئر کے گھر کی گئی تھی اور اس حوالے سے بریگیڈیئر کو شامل تفتیش کیا گیا ہے۔ 
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ تحقیقات منظر عام پر آنے سے پہلے اس طرح کی قیاس آرائیوں پر مبنی خبروں کے اجراء سے گریز کیا جائے۔ ہم میڈیا سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس کا خیال رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک یہ رپورٹ صدر کو پیش کی گئی اور نہ ہی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی میں پیش ہوئی ہے، اس لئے قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے، اس سے غلط تاثر پیدا ہوتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس وقت سول اور فوجی قیادت کے مابین مکمل ہم آہنگی ہے اسی ہم آہنگی کے ساتھ ملک کی ترقی کیلئے ہم سب کام کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ میرے پاس جادو کی چھڑی نہیں بلکہ شہید بینظیر بھٹو کا وژن ہے، متحدہ قومی موومنٹ اور پیپلز پارٹی کے مابین اختلافات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر کہا کہ ایم کیو ایم اور پاکستان پیپلز پارٹی کا اتحاد کامیاب رہے گا۔ ہم ہر حال میں ایم کیو ایم کے ساتھ اکٹھے رہیں گے، ایم کیو ایم کے ساتھ مذاکرات بہت آگے جاچکے ہیں، ہم نے ایم کیو ایم کے ساتھ مل کر کام کرنا ہے۔ 
عبدالرحمن ملک نے کہا کہ حکومت کراچی میں قیام امن کیلئے کسی بھی کارروائی سے گریز نہیں کرے گی، ایم کیو ایم ملک کی ایک سیاسی حقیقت ہے، کراچی میں قیام امن کیلئے الطاف حسین اور اسفند یار ولی خان نے مثبت کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں سے نجات صرف اور صرف اتحاد کے ذریعے ہی مل سکتی ہے، جب ہم سب اکٹھے ہونگے تو ان سے نجات ملے گی۔

خبر کا کوڈ : 48718
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش