0
Saturday 14 Nov 2015 17:25

پیرس میں دہشتگردانہ اقدام کی مذمت، دہشتگردی کیخلاف متحد ہوکر جنگ کرنیکی ضرورت ہے، حسن روحانی

پیرس میں دہشتگردانہ اقدام کی مذمت، دہشتگردی کیخلاف متحد ہوکر جنگ کرنیکی ضرورت ہے، حسن روحانی
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سنجیدگی کے ساتھ توجہ دینے اور اس کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ایرانی صدر نے اٹلی کے وزیراعظم میتھیو رینزی سے ٹیلی فونی گفتگو میں پیرس میں دہشت گردانہ اقدام کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گرد گروہوں کے ہاتھوں پچھلے برسوں کے دوران سترہ ہزار ایرانی شہریوں اور اعلٰی حکام کی شہادت کا بھی ذکر کیا۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف متحد ہو کر جنگ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردانہ سرگرمیاں نفرت انگیز اور دہشتناک ہیں، لیکن دہشت گردوں کو قوموں اور حکومتوں کے مضبوط عزم و ارادے کے مقابلے میں کبھی بھی کامیابی حاصل نہیں ہوگی اور وہ اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہو پائیں گے۔

ایرانی صدر نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں کہا کہ ان کا دورہ اٹلی دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی ہم آہنگی اور صلاح و مشورے سے آئندہ کسی مناسب وقت کے لئے ملتوی ہوگیا ہے۔ پروگرام کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی ہفتے کی صبح ایک اعلٰی سطحی وفد کے ہمراہ اٹلی کے دورے پر جانے والے تھے، جس کے بعد وہ فرانس کا بھی دورہ کرتے، لیکن پیرس میں دہشت گردانہ بم دھماکوں کے بعد ان کا دورہ اٹلی اور فرانس ملتوی ہوگیا ہے۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ تہران اور روم کے تعلقات ہمیشہ اچھے رہے ہیں اور ان تعلقات میں پہلے سے بھی زیادہ فروغ کا موقع حاصل ہوا ہے۔ اٹلی کے وزیرا‏عظم نے بھی اس ٹیلی فونی گفتگو میں ایران کے صدر کے دورہ اٹلی کے ملتوی ہونے کے حقیقی اسباب کی تایید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کا خواہشمند ہے۔ اٹلی کے وزیراعظم نے کہا کہ ہم بدستور آپ کے دورہ اٹلی کے منتظر ہیں۔
خبر کا کوڈ : 497846
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش