0
Saturday 26 Dec 2015 22:18

مودی کو غیر ضروری طور پر پروٹوکول دیا گیا، اعجاز ہاشمی

مودی کو غیر ضروری طور پر پروٹوکول دیا گیا، اعجاز ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز ہاشمی نے لاہور میں کارکنوں سے گفتگو میں بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی کے اچانک دورے اور اس کو دیے جانے والے پروٹوکول پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ حل کئے بغیر دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کی فضا قائم ہونا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی منافقت کا شکار ہے، جو ڈھاکہ اور کابل میں پاکستان کیخلاف زہر اگلتا رہا، لاہور میں وزیراعظم نواز شریف خود اس کے استقبال کیلئے ائرپورٹ پر پہنچ گئے، دشمن کی اتنی عزت افزائی سے پہلے میاں نواز شریف کو پاکستانی کھلاڑیوں اور پی سی بی کے چیرمین شہر یار خان کیساتھ ہونیوالی بدسلوکی کو ہی یاد کر لینا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے دباؤ میں نریندر مودی نے پاکستانی وزیراعظم سے بات چیت شروع کی ہے مگر مسائل ذاتی تعلقات کی بنیاد پر نہیں، مذاکرات سے ہوں گے، جس کیلئے بھارت اب تک منافقت سے کام لے رہا ہے اور کشمیریوں کا حق خودارادیت تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تعصب اور انتہا پسندی نے بھارت کو تباہ کر دیا ہے، پاکستان سے تعلقات کی بحالی سے لگتا ہے کہ بھارتی حکمرانوں کو احساس ہو گیا ہے کہ ہمسائے تبدیل نہیں کئے جا سکتے اور مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ اعجاز ہاشمی نے کہا کہ مودی کو غیر ضروری طور پر پروٹوکول دیا گیا اور میڈیا میں بحث کی گئی، بھارت سے مذاکرات کے پہلے بھی کئی دور گزر چکے ہیں مگر ہمیشہ اس کی روایتی مکاری آڑے آئی اور بھارت نے کشمیر پر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا جبکہ بلوچستان اور فاٹا میں مداخلت سے باز نہیں آیا۔
خبر کا کوڈ : 508194
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش