0
Tuesday 26 Jan 2016 18:19

جنرل راحیل شریف کی بحیثیت آرمی چیف تقرری کی میعاد میں مزید 3 سال کی توسیع کی جائے، آل کراچی تاجر اتحاد

جنرل راحیل شریف کی بحیثیت آرمی چیف تقرری کی میعاد میں مزید 3 سال کی توسیع کی جائے، آل کراچی تاجر اتحاد
اسلام ٹائمز۔ کراچی کے تاجروں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے مقررہ میعاد میں ریٹائرمنٹ کے بیان پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِاعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف سے درخواست کی ہے کہ جنرل راحیل شریف کی بحیثیت آرمی چیف تقرری کی میعاد میں مزید 3 سال کی توسیع کی جائے، توسیع نہ دی گئی تو ملک بھر کے تاجر اپنے قابلِ فخر جنرل کی حمایت میں عظیم الشان ریلی کا انعقاد کرینگے جس میں عوام کے تمام طبقات کو شرکت کی دعوت دی جائیگی۔ آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر کی زیرِصدارت تاجروں کی سپریم کونسل کے ایک اہم اجلاس میں اکرم رانا، انصار بیگ قادری، طارق ممتاز، زبیر علی خان، عبدالغنی اخوند، احمد شمسی، شیخ محمد عالم، سمیع اللہ خان، سید شرافت علی، شاکر فینسی، ملک اسلم جاوید آرائیں، ضیاء عمر سہگل، میر عبدالحئی خان، الطاف لالہ، امان اللہ شاہ، سید حکیم شاہ، عرفان اللہ، محمد آصف، دلشاد بخاری، عبدالقادر، سید محمد سعید اور محمد عارف نے جنرل راحیل شریف کی مکمل حمایت کرتے ہوئے ملک میں دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن کو آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رکھنے کا مطالبہ کیا۔ تاجروں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف کا دہشت گردی کے خلاف ادھوری جنگ میں جانا خطرے سے خالی نہیں ہے، ملک اور خصوصاً کراچی میں امن کی مکمل بحالی تک دہشت گردی کے خلاف آپریشن کے موجودہ سیٹ اپ کو برقرار رکھا جائے اور آرمی چیف کی نومبر 2016ء میں ختم ہونے والی مدت کو نومبر 2019ء تک بڑھایا جائے۔

تاجروں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں اطمینان بخش صورتحال تک جنرل راحیل شریف کی قیادت ناگزیر ہے۔ اس موقع پر عتیق میر نے تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے خلاف جاری کامیاب آپریشن کے نتیجے میں سرمایہ کاروں، صنعت کاروں اور تاجروں کا حوصلہ اور اعتماد بہتر ہوا ہے، ملکی سطح پر معاشی حالات کی بہتری کی امیدیں پیدا ہورہی ہیں اور معاشی حب کراچی کی رونقیں کافی حد تک بحال ہونا شروع ہوئی ہیں، انھوں نے کہا کہ پاک فوج کے پندرہ سربراہان میں جنرل راحیل شریف سب سے زیادہ ہردلعزیز اور غیر متنازعہ آرمی چیف ہیں جنھیں عوام اور تاجروں کا بھرپور اعتماد، محبت اور عقیدت حاصل ہے، انھوں نے کہا کہ 1971ء کی جنگ میں ملک کے دو لخت ہونے کے 45ء سال بعد جنرل راحیل شریف کی بیمثال کارکردگی کے نتیجے میں پاک فوج کی حرمت اور وقار بحال ہوئی ہے اور پوری قوم مایوسیوں کے اندھیروں سے نکل کر امید اور حوصلے کی روشن راہ پر گامزن ہوگئی ہے، انھوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف کے توسیع نہ لینے کے بیان سے ملک دشمن عناصر کے حوصلے بلند اور عوام و تاجروں میں مایوسی پھیل گئی ہے۔ انھوں نے بھرپور یقین کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِاعظم نواز شریف جلد ہی موجودہ آرمی چیف کی مدّت میں توسیع کی سمری صدرِ پاکستان کو بھجوا کر پوری قوم کو خوشخبری دینگے۔
خبر کا کوڈ : 515524
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش