0
Wednesday 3 Feb 2016 00:00

پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا ملک بھر میں فلائٹس آپریشن بند کرنیکا اعلان

پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا ملک بھر میں فلائٹس آپریشن بند کرنیکا اعلان
اسلام ٹائمز۔ پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ملک بھر میں فلائٹ آپریشن مستقل طور پر بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ڈی جی رینجرز سندھ سے فائرنگ کے واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین کیپٹن سہیل بلوچ نے ملک بھر میں فلائٹس آپریشن مستقل طور پر بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم پی آئی اے کے ملازم ہیں، ہمارے کوئی سیاسی عزائم نہیں، حکومت نے جو کیا وہ ظلم نہیں، بلکہ اسے بربریت کہتے ہیں، ہائی کورٹ کے جج کی سربراہی میں اس واقعے کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے۔ سہیل بلوچ نے کہا کہ پی آئی اے کے ملازمین کی ہلاکت پر مقدمے کے لیے کل عدالت سے رجوع کریں گے، جبکہ ڈی جی رینجرز سندھ فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیں، اور واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے ہیڈ آفس پر مکمل تالا بندی رہے گی اور دھرنا بھی جاری رہے گا۔

کیپٹن سہیل بلوچ کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے ملازمین کی ہلاکت پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں، ان ملازمین کی مالی امداد کے لیے پی آئی اے کے تمام ملازمین ایک دن کی تنخواہ لواحقین کو دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق، اور سیاسی رہنماؤں سے بھی مظاہرے میں شرکت کی درخواست کریں گے۔ دوسری جانب جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے فلائٹس آپریشن مستقل بنیادوں پر بند کرنے کے بعد پائلٹس کی تنظیم پالپا نے بھی طیارے نہ اڑانے کا اعلان کر دیا ہے۔ پالپا کے نائب صدر صادق الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے تمام پائلٹس کو طیارے نہ اڑانے کی ہدایت کر دی ہے، پالپا پائلٹس اور دیگر تمام ملازمین کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ واضح رہے کہ پی آئی اے کی ممکنہ نجکاری کے خلاف ملازمین کی جانب سے کئی روز سے جاری احتجاج میں شدت آگئی، جس میں آج کراچی میں ملازمین نے ریلی نکالی، تاہم اس دوران پولیس اور رینجرز کی جانب سے شیلنگ کی گئی، جبکہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے پی آئی اے کے 3 ملازمین جاں بحق ہوگئے۔
خبر کا کوڈ : 517700
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش