0
Sunday 6 Mar 2016 20:53

پاکستان ٹیم دھرم شالا میں میچ نہ کھیلے، عمران خان

پاکستان ٹیم دھرم شالا میں میچ نہ کھیلے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ ہندوستانی ریاست ہما چل پردیش کے وزیر اعلیٰ نے غیرذمہ دارانہ بیان دیا ہے جس کی بنیاد پر پاکستان ٹیم کو اس صوبے میں کوئی میچ نہیں کھیلنا چاہیے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم ایک بین الاقوامی ٹورنامنٹ ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے ہندوستان جا رہی ہے ایسے میں ایک ریاست کے وزیر اعلیٰ کا غیرذمہ دارانہ بیان میزبانی کے تمام تقاضوں کے خلاف ہے۔ ہندوستانی ریاست ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ ویربھادرا سنگھ نے دھرم شالا میں ہونے والے میچ کے لیے پاکستانی کھلاڑیوں کو سیکورٹی فراہم کرنے سے معذرت کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ میچ کے مقام کو ہندوستانی ایئر بیس پر عسکریت پسندوں کے حملوں میں ہلاک ہونے والوں کے احترام میں تبدیل کردینا چاہیے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ کے اس بیان سے پاکستان ٹیم کے خلاف نفرتیں بڑھیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ 'پاکستان کو اس صوبے میں کوئی میچ نہیں کھیلنا چاہیے۔

ایک سوال پر عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ میچ دیکھنے کی دعوت پر جا سکتے ہیں اگر پاکستان ٹیم ہندوستان جائے گی تو جاؤں گا لیکن وزیراعلیٰ کے غیر ذمہ دارانہ بیان ہے پاکستان ٹیم کے خلاف نفرتیں بڑھیں گی، اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان کو اس صوبے میں نہیں کھیلنا چاہیے۔ حکومت پاکستان نے ٹیم کی ہندوستان روانگی سے قبل سیکورٹی کے معاملات کا جائزہ لینے کے لیے ایک وفد بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وفد کے ویزے بھی حاصل کر لیے گئے ہیں، اس وفد کی رپورٹ کی روشنی میں ٹیم کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کا فیصلہ کیا جائے گا۔ پاکستان ٹیم اور ہندوستان کی کرکٹ ٹیموں کےدرمیان 19 مارچ کو ہماچل پردیش کے شہر دھرم شالا میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا میچ شیڈول ہے۔

خبر کا کوڈ : 525918
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش