0
Wednesday 6 Apr 2016 06:06

دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے ڈاکٹر طاہر القادری کے کام کی مثال نہیں ملتی، سیف الرحمان

دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے ڈاکٹر طاہر القادری کے کام کی مثال نہیں ملتی، سیف الرحمان
اسلام ٹائمز۔ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ڈاکٹر طاہر القادری کے مرتب کردہ تعلیمی نصاب کو تعلیمی اداروں میں رائج کرنے کے عمل سے ہوگا، دہشت گردی کے خاتمہ کا مکمل حل چاہنے والے بیشتر ایسے ممالک جو اپنے ملک سے مخلص ہیں، ڈاکٹر طاہر القادری کے مرتب کردہ تعلیمی نصاب پر انھوں نے کام شروع کر دیا ہے، انڈیا نے بھی اس تعلیمی سال سے اپنے تعلیمی اداروں میں ڈاکٹر طاہر القادری کے مرتب کردہ تعلیمی نصاب سے بھر پور استفادہ کے لیے پروگرام طے کر لیا ہے۔ دہشت گردی صرف مسلح نہیں ہوتی بلکہ سیاسی، معاشی، قانونی اور نظریاتی تحفظ سے معرضِ وجود میں آتی ہے مسلح دہشت گردی اس وقت تک ختم نہیں ہو سکتی جب تک سیاسی، معاشی، قانونی اور نظریاتی تحفظ کا خاتمہ نہ کیا جائے، کیونکہ یہ دہشت گردی کے بیج ہیں، یہ بوئے جاتے رہیں گئے تو دہشت گردی کے پودے اگتے رہیں گے اور تناور درخت بنتے رہیں گے اور ہم عمر بھر درخت کاٹتے رہیں گے مگر یہ ختم نہ ہونے پائیں گے اور مسلح دہشت گردی ہوتی رہے گی اور سانحہ ماڈل ٹاؤن، سانحہ آرمی پبلک سکول، سانحہ باچہ خان یونیورسٹی، سانحہ لاہور، سانحہ راولپنڈی اور سانحہ صفورہ جیسے واقعات رونما ہوتے رہیں گے۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک پی پی 8 کے جنرل سیکرٹری سیف الرحمٰن عطاری نے گذشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کی تربیتی نشست میں ذیلی تنظیمات کے دورہ جات کے موقع پر کیا اور یہ بھی بتایا کہ مسلح دہشت گردی تو دفاعی اداروں کی مدد سے ختم کی جاسکتی ہیں لیکن علمی، فکری، نظریاتی محاذوں پر جب تک کام نہ کیا جائے تو یہ سلسلہ کبھی بھی بند نہیں ہوتا ہے، دہشت گردی ختم کر نے کے سلسلے میں ڈاکٹر طاہر القادری نے علمی، فکری، نظریاتی محاذوں پر جتنا کچھ کیا تاریخ میں اُس کی مثال نہیں ملتی۔ اُن کی فکر نے نوجوانوں کو انتہا پسندانہ فکر سے بچایا اور امت سے تفرقہ و انتہا پسندی کے خاتمہ کے لیے نصاب امن مرتب کر کے عالم، انسانیت پر بہت بڑا احسان کیا ہے، اب ضرورت اس امر کی ہے کہ اسے تعلیمی اداروں میں رائج کر کے دہشت گردی جیسی لعنت سے چھٹکارا حاصل کیا جائے، انکا کہنا تھا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے علمی، فکری، نظریاتی اور تعلیمی سطح پر امت کو ایک ہزار سے زائد کتب کا تحفہ دیا جو اس صدی کا مجددانہ کام ہے اور یہ سب اللہ اور رسول (ص) کی خاص کرم نوازی اور فیض سے ممکن ہے ورنہ کسی انسان کے بس کی بات نہیں ہے کہ اتنا بڑا کام سر انجام دے سکے، ایک محب وطن شخص ہی اس طرح کی سوچ کو پروان چڑھا سکتا ہے جس کا اظہار ڈاکٹر طاہر قادری کی تحریروں میں ہے۔
خبر کا کوڈ : 531832
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش