0
Sunday 10 Apr 2016 13:35

کراچی، تحریک انصاف کا این اے 245 کے ضمنی الیکشن کو چیلنج کرنیکا فیصلہ

کراچی، تحریک انصاف کا این اے 245 کے ضمنی الیکشن کو چیلنج کرنیکا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف نے این اے 245 کے ضمنی انتخابات کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے اس کا نوٹس نہ لیا، تو کراچی میں صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے پارٹی چیئرمین عمران خان کی سربراہی میں دھرنا دیا جائے گا، عمران خان اس معاملے پر شدید ناراض ہیں، اور انھوں نے سندھ کی قیادت کو ہدایت کی ہے کہ الیکشن کمیشن کو ایک پٹیشن دائر کریں، جس میں مؤقف اختیار کیا جائے کہ پی ٹی آئی کے امیدوار کو الیکشن سے چندگھنٹے قبل ایم کیو ایم نے ہائی جیک کیا، جس کے باعث الیکشن کالعدم ہو چکا ہے، ہم اس فیصلے کو نہیں مانتے، اگر الیکشن کمیشن نے اس پر سنجیدگی سے نوٹس نہ لیا، تو کراچی میں صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے طویل المدت احتجاجی دھرنا دیا جا سکتا ہے۔

اس حوالے سے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما عمران اسماعیل کے مطابق پی ٹی آئی الیکشن کمیشن کے نتائج کو تسلیم نہیں کرتی، اس مسئلے پر پارٹی چیئرمین عمران خان نے آج اسلام آبادمیں ایک اہم اجلاس طلب کیا ہے، جس میں شرکت کیلئے جا رہا ہوں، کوئی بھی حتمی فیصلہ مرکزی قیادت کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ 7 اپریل کو کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 245 پر ہونے والے ضمنی الیکشن سے چند گھنٹے قبل پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار امجد علی خان نے ایم کیو ایم کے مرکز 90 پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف چھوڑ کر ایم کیو ایم میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔
خبر کا کوڈ : 532629
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش