0
Monday 9 May 2016 09:41

مقبوضہ کشمیر کو دوسرا فلسطین نہیں بننے دینگے، علی گیلانی

مقبوضہ کشمیر کو دوسرا فلسطین نہیں بننے دینگے، علی گیلانی
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین حریت کانفرنس سید علی گیلانی، جنرل سیکرٹری شبیر احمد شاہ، جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک اور حریت رہنما نعیم احمد خان نے بھارت اور کٹھ پتلی انتظامیہ کو خبردار کیا ہے کہ اگر کشمیر میں فوجی کالونیاں قائم کرنے کے منصوبے پر عملدرآمد کی کوشش کی گئی تو کشمیری عوام احتجاجی تحریک شروع کریں گے۔ مقبوضہ کشمیر کو دوسرا فلسطین نہیں بننے دینگے۔ سید علی گیلانی نے اپنے بیان میں منصوبے کو کشمیری قوم کی گردن پر چھری رکھنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کشمیری عوام کے لیے مزاحمت کرو یا ہمیشہ کے لیے ختم ہو جاؤ جیسی صورتحال ہے اور اگر اس نازک موقع پر کوئی غفلت برتی گئی تو یہ ہمارے وجود، شناخت اور تحریک آزادی کے لیے آخری کیل ثابت ہو گی اور ہم اپنے وطن میں رہ کر بھی بے وطن ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابق فوجیوں کو بھارت کی 29 ریاستوں کو چھوڑ کر متنازعہ ریاست جموں و کشمیر میں بسانے کا کوئی قانونی اور اخلاقی جواز نہیں اور یہ کھلی جارحیت ہے۔ حریت چیئرمین نے کہا حریت کانفرنس اس جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کرے گی۔

شبیر احمد شاہ نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر قابض انتظامیہ نے اس سلسلے میں کوئی اقدام کیا تو کشمیری عوام احتجاجی تحریک شروع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل طرز پر کالونیوں کے قیام کی کوشش ریاستی عوام کے لئے ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے سرینگر اور بڈگام میں زمین کی نشاندہی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس طرح کے کسی منصوبے پر عملدرآمد کی کوشش کی گئی تو پی ڈی پی اور اس کے حاشیہ برداروں کے لئے زمین تنگ ہو جائے گی۔

جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے پنڈتوں، فوجیوں اور غیرریاستی باشندوں کیلئے الگ بستیوں کی تعمیر کو اسرائیلی طرز کی فسطائی سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی پی آگ سے کھیل رہی ہے۔ حریت رہنما نعیم احمد خان نے کہا کہ بھارت اپنے مذموم منصوبوں کی تکمیل کے لیے کشمیر کی مسلم شناخت کو ختم اور کشمیری عوام کو مذہب کے نام پر تقسیم کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ تحریک آزادی کو دبایا جا سکے۔ ان منصوبوں کی ہر سطح پر مخالفت اور مزاحمت کی جائے گی۔ مسلم دینی محاذ کے جنرل سیکرٹری محمد مقبول بٹ کا کہنا ہے کہ فوجی کالونیوں کے قیام کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 537504
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش