0
Wednesday 16 Feb 2011 21:08

ڈیوس معاملے پر امریکا عدالتی فیصلے کا انتظار کرے،نواز شریف،قصاص اور دیت آرڈیننس بھی ایک حل ہے،شجاعت

ڈیوس معاملے پر امریکا عدالتی فیصلے کا انتظار کرے،نواز شریف،قصاص اور دیت آرڈیننس بھی ایک حل ہے،شجاعت
 اسلام آباد:اسلام ٹائمز-مسلم لیگ ن نے امریکی سینیٹر جون کیری پر واضح کر دیا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کے معاملے پر عدالتی فیصلے کا انتظار کرنا چاہیے۔ مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ اگر ڈیوس کے معاملے پر وفاقی حکومت کی جانب سے بروقت اور ٹھوس موقف اختیار کیا جاتا تو معاملات اتنے خراب نہیں ہوتے۔ پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے امریکی سینیٹر جون کیری سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ سانحہ لاہور کے 36 گھنٹے بعد سب سے پہلے مسلم لیگ ن نے اپنا موقف پیش کر دیا تھا اور اب بھی اسی پر قائم ہیں کہ اس واقعہ کا فیصلہ عدالت کرے گی۔ واقعہ کے بعد امریکی سفیر کی جانب ٹیلی فون کیا گیا تھا اور ہماری جانب سے واضح کر دیا گیا تھا کہ یہ معاملہ عدالت میں ہے اور پاکستانی عدالتیں فیصلہ کریں گی۔
نواز شریف نے کہا کہ جون کیری کو آج کی ملاقات میں آگاہ کیا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کی مدد کیلئے جائے واردات پر غلط سمت سے آنے والی گاڑی نے ایک پاکستانی شہری کو کچل کر ہلاک کر دیا تاہم تاحال اس گاڑی اور ڈرائیور کو امریکی سفارتخانے کی جانب سے حوالے نہیں کیا گیا حالانکہ اس کے لئے پنجاب حکومت نے امریکی سفارتخانے کو پانچ خط ارسال کیے۔ نواز شریف نے مزید کہا کہ جون کیری سے ڈیڑھ گھنٹے تک ملاقات جاری رہی، گزشتہ روز جان کیری نے ڈیوس کے ہاتھوں قتل ہونے والے پاکستانی شہریوں کے لئے جو ہمدردانہ الفاظ استعمال کیے اور دکھ کا اظہار کیا اگر واقعہ کے فوراً بعد کر دیتے تو زیادہ بہتر ہوتا۔ اس سوال پر کہ اگر ریمنڈ ڈیوس کو امریکا کے حوالے کیا جاتا ہے تو مسلم لیگ ن احتجاج کرے گی، نواز شریف کا کہنا تھا کہ استثنیٰ کا سرٹیفکیٹ عدالت میں پیش کیا جائے گا اور اب یہ معاملہ عدالت ہی حل کرے گی، ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ہماری عدالتیں آزاد ہیں اور امریکا کو بھی یہ معلوم ہے۔
جنگ نیوز کے مطابق امریکی سینیٹر جان کیری نے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں میاں نواز شریف ملاقات کی ہے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں ریمنڈ ڈیوس کی رہائی اور پاک امریکا تعلقات سمیت اہم امور پر گفتگو کی گئی۔ جان کیری اور نوا زشریف کے درمیان ہو نے والی ملاقات میں پاکستان میں امریکی سفیر کیمرون منٹر، امریکی محکمہ خارجہ کے عہدیدار ڈان فلڈمین، ایس ایف آر سی اسٹاف ممبر فرینک لونسٹن، پولیٹکل قونصلر جوناتھن جبکہ مسلم لیگ کی جانب سے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان اور سینیٹر پر ویز رشید بھی موجود ہیں۔ 
ادھر مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کیس کے بارے میں وفاقی حکومت کو ذمہ داری نبھاتے ہوئے جلد فیصلہ کرنا چاہئے۔ اپنے ایک بیان میں چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ قصاص اور دیت آرڈیننس اس مسئلے کا ایک حل ہو سکتا ہے۔ کیونکہ یہ اسلامی قوانین کے مطابق ہے۔ بشرط کہ مقتولین کے ورثا اس پر راضی ہوں۔
خبر کا کوڈ : 55143
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش