0
Monday 1 Aug 2016 09:26

سعودی عرب، تنخواہیں نہ ملنے سے سینکڑوں پاکستانی فاقہ کشی پر مجبور

سعودی عرب، تنخواہیں نہ ملنے سے سینکڑوں پاکستانی فاقہ کشی پر مجبور
اسلام ٹائمز۔ سعودی عرب میں تنخواہیں نہ ملنے کے باعث سیکڑوں پاکستانی فاقہ کشی پر مجبور ہیں جب کہ پاکستانی سفارتخانے نے بھی مشکلات سے دوچار اپنے ان شہریوں کی معاونت کے لیے تاحال کسی قسم کے اقدام نہیں کیے۔ ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی اوجر کمپنی کے سینکڑوں پاکستانی کارکن ان دنوں انتہائی کسمپری کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ کمپنی کے بعض ملازمین کا کہنا ہے کہ انھیں گزشتہ 8 ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی گئی اور اس کے ساتھ ستم ظریفی یہ ہے کہ کمپنی نے دمام، جدہ اور ریاض میں موجود کیمپوں میں اپنے میس بھی بند کر دیے ہیں جس سے کارکنوں کو کھانے پینے کی اشیا حاصل کرنے میں سخت دشواری کا سامنا ہے۔

پاکستانی شہریوں کا کہنا ہے کہ انھیں گزشتہ 4 دن سے خوراک کی عدم دستیابی کے باعث انتہائی مشکلات درپیش ہیں اور فاقہ کشی پر بھی مجبور ہو چکے ہیں۔ کمپنی نے ان کی تمام سفری دستاویزات بھی ضبط کر رکھی ہیں ان کے ساتھ ساتھ اقامے بھی ختم ہو چکے ہیں جس کے باعث اپنے کیمپوں سے باہر بھی باہر نہیں جا سکتے ہیں جبکہ کیمپ میں بھی اشیائے ضرورت دستیاب نہیں ہیں۔ اگرفوری طور پر حکومت پاکستان نے اس سلسلے میں اقدام نہ کیے تو کوئی بڑا انسانی سانحہ رونما ہو سکتا ہے۔ ان پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ انھوں نے متعدد بار پاکستانی سفارتخانے کو صورتحال سے آگاہ کیا لیکن سفارتخانے کی جانب سے محض تسلیاں دی جا رہی ہیں، عملی اقدامات نہیں کیے جا رہے۔ پاکستانی شہریوں نے وزیراعظم سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے انھیں اس مشکل سے نجات دلائیں۔
خبر کا کوڈ : 556926
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش