0
Tuesday 2 Aug 2016 19:52

کرم ایجنسی، پاراچنار میں ایرانی ٹریننگ کیمپ کو تباہ کرنیکی خبریں بے بنیاد ہیں، قبائلی عمائدین

کرم ایجنسی، پاراچنار میں ایرانی ٹریننگ کیمپ کو تباہ کرنیکی خبریں بے بنیاد ہیں، قبائلی عمائدین
اسلام ٹائمز۔ کرم ایجنسی کے قبائلی عمائدین نے پاراچنار میں ایرانی ٹریننگ کیمپ کو تباہ کرنے کی خبروں کو بے بنیاد اور پاراچنار کو بدنام کرنے کی سازش قرار دیا ہے۔ پولیٹیکل انتظامیہ نے بھی کسی قسم کے ٹریننگ کیمپ کی موجودگی سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔ میڈیا میں غلط پروپیگنڈوں پر مشتمل ان خبروں کا کرم ایجنسی کے قبائلی عمائدین نے سخت نوٹس لیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پاراچنار میں ایرانی ٹریننگ کیمپ فورسز نے تباہ کر دیا ہے اور کئی دہشت گرد پکڑے گئے ہیں۔ عمائدین اور علماء نے پریس کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ محض غلط پروپیگنڈوں اور مفروضوں کے ذریعے پاراچنار کو بدنام کیا جا رہا ہے، کیونکہ پاراچنار میں نہ صرف یہ کہ کسی قسم کے ٹریننگ کیمپ کا وجود نہیں بلکہ پاراچنار میں چاقو لیکر چلنے کی بھی اجازت نہیں ہے۔ تحریک حسینی کے رہنما آغا منیر حسین، مجلس وحدت مسلمین کے رہنما ریاض حسین، مجلس علماء کرم ایجنسی کے ترجمان علامہ باقر حیدری، طوری بنگش قبائل کے رہنما حاجی فقیر حسین اور دیگر رہنماوں نے کہا کہ پاراچنار کے قبائل نے دہشت گردی کی حالیہ لہر میں حکومت اور فورسز کا بھرپور ساتھ دیا ہے، مگر ملک دشمن عناصر کی جانب سے پاراچنار کی بدنامی کیلئے اس قسم کا غلط پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔ قبائلی عمائدین نے کہا کہ پروپیگنڈہ مہم بے نقاب کرنے کیلئے وہ عدالت سے رجوع کرینگے۔ دوسری جانب کرم ایجنسی کے پولیٹیکل حکام نے بھی پاراچنار میں کسی بھی قسم کے ٹریننگ کیمپ کی موجودگی یا اسے تباہ کرنے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ علاقے میں اسلحہ لیکر چلنے پر بھی پابندی ہے۔
خبر کا کوڈ : 557445
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش