0
Saturday 27 Aug 2016 09:09

آزادی کی تحریک کو کوئی دہشت گردی نہیں کہہ سکتا، مسعود خان

آزادی کی تحریک کو کوئی دہشت گردی نہیں کہہ سکتا، مسعود خان
اسلام ٹائمز۔ صدر ریاست آزادکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کی تمام حدیں عبور کر رہا ہے، بھارت یاد رکھے ہم کمزور نہیں، ہماری پشت پر ایٹمی پاکستان اور اس کی 18 کروڑ عوام کھڑے ہیں۔ جتنی قربانیاں کشمیری قوم نے پیش کیں وہ آزادی کی دلیل ہیں، آزادی کی تحریک کو کوئی دہشت گردی نہیں کہہ سکتا، کشمیری اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں وہ آزادی حاصل کر کے رہیں گے۔ کشمیریوں کو آزادی اگر آج تک نہیں ملی تو اس جرم میں عالمی برادری بھی برابر کی شریک ہے، کشمیریوں نے عالمی برادری پر اعتماد کیا مگر عالمی برادری اپنا کردار ادا نہ کر سکی۔ انھوں نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ، یورپی یونین، او آئی سی سمیت ہر جگہ پر اپنا کیس پیش کریں گے۔ حکومت پاکستان اور میاں نواز شریف اس مسئلے کو اٹھا رہے ہیں اور مزید اٹھائیں گے، ہماری طاقت، اتحاد اور اتفاق میں ہے، سیاسی اختلافات اپنی جگہ مگر مسئلہ کشمیر پر ہم سب ایک ہیں۔ جماعت اسلامی نظریہ پاکستان کی امین اور محافظ ہے، ہم مل کر کشمیر کی آزادی کیلئے جدوجہد اور نظام کی اصلاح کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز امیر جماعت اسلامی عبدالرشید ترابی کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کشمیر کی آزادی، کرپشن کے خلاف جدوجہد، میرٹ کی بالادستی اور کشمیر کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ اپوزیشن کی سب جماعتوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ کشمیر کی آزادی کے ون پوائنٹ ایجنڈے پر ساتھ دیں۔ بھارت کشمیریوں کا قتل عام کر رہا ہے، ہم تجارت نہیں کر سکتے۔ عبدالرشید ترابی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی آزادی اور آزاد خطے میں اسلامی نظام کا نفاذ اور فلاحی معاشرے کا قیام ہمارا مشن ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ حکومت مقبوضہ کشمیر کی تحریک کے لیے تحفہ ہے۔ صدر آزاد ریاست اور وزیراعظم کی کمٹمنٹ سے تحریک کو فائدہ ہو گا، یہ تحریک کامیابی کی منازل طے کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 563425
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش