0
Friday 23 Sep 2016 16:47

ایم کیو ایم لندن کا مطالبہ نظر انداز، متحدہ کے ارکان سندھ اسمبلی کا استعفیٰ نہ دینے کا فیصلہ

ایم کیو ایم لندن کا مطالبہ نظر انداز، متحدہ کے ارکان سندھ اسمبلی کا استعفیٰ نہ دینے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان سندھ اسمبلی نے فاروق ستار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اسمبلی سے استعفیٰ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کی سندھ اسمبلی میں پارلیمانی پارٹی کا ہنگامی اجلاس سید سردار احمد کی سربراہی میں ہوا، جس میں سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر تمام ارکان نے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، اور ایم کیو ایم لندن کی ہدایات کو نظر انداز کرتے ہوئے اسمبلی رکنیت سے استعفے نہ دینا کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہارالحسن کا کہنا تھا کہ ہمارا لندن سے کوئی رابطہ نہیں، ہم نے ریاست پاکستان کا حلف اٹھایا ہے، کسی کی تسلی یا تشفی کیلئے استعفیٰ نہیں دیا جا سکتا، عوام نے اعتبار نہ کیا تو استعفیٰ دیا جا سکتا ہے، استعفوں کا مطالبہ آئین کے مطابق غیر آئینی ہے۔

خواجہ اظہارالحسن نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے کسی رکن سندھ اسمبلی نے استعفیٰ نہیں دیا، ارم عظیم فاروقی کا استعفیٰ اب تک ہمیں موصول نہیں ہوا، اس لئے وہ ایم کیو ایم کی رکن اسمبلی ہی تصور کی جائیں گی، جبکہ بیرسٹر سیف نے جعلی آئی ڈی سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے، کسی جعلی آئی ڈی سے میرا بھی استعفیٰ آسکتا ہے۔ خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ اسیروں کی رہائی کیلئے دوبارہ کوششیں شروع کریں گے، 105 لاپتہ کارکنان کی بازیبی اولین ترجیح ہے، جبکہ حکام کو قیدیوں کے شفاف ٹرائل کا کہا ہے، اور اگر ان پر کوئی جرم ثابت ہوتا ہے تو ایم کیو ایم آواز نہیں اٹھائے گی۔ واضح رہے کہ دو روز قبل ایم کیو ایم لندن کے رہنما ندیم نصرت نے رابطہ کمیٹی اور پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے سمیت تمام شعبہ جات تحلیل کر دیئے تھے، جس کے بعد انہوں نے ارکان اسمبلی کو کہا تھا کہ انہوں نے بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے نام پر ووٹ حاصل کئے، اس لئے وہ اخلاقی حیثیت میں اپنی رکنیت سے استعفیٰ دیں۔
خبر کا کوڈ : 569555
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش