0
Tuesday 18 Oct 2016 04:06

کراچی، امام بارگاہ درِ عباس پر حملہ شیعہ و سنی اتحاد کو سبوتاژ کرنے کی بزدلانہ کوشش ہے، ایم کیو ایم پاکستان

کراچی، امام بارگاہ درِ عباس پر حملہ شیعہ و سنی اتحاد کو سبوتاژ کرنے کی بزدلانہ کوشش ہے، ایم کیو ایم پاکستان
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے کراچی کے علاقے ایف سی ایریا میں واقع ’’امام بارگاہ درِ عباس‘‘ پر دہشت گردوں کی جانب سے دستی بم حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور واقعہ میں متعدد افراد کے شہید و زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ محرم الحرام کے مہینے میں سفاک دہشت گردوں کی جانب سے دستی بم حملہ کرکے کراچی شہر کا پرامن ماحول خراب کرنے کی گھناؤنی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں کراچی کے علاقے ایف سی ایریا کی ’’امام بارگاہ درِ عباس ‘‘ پر دہشت گردوں کی جانب سے حملہ کراچی سمیت ملک بھر میں میں شیعہ و سنی اتحاد کو سبوتاژ کرنے کی بزدلانہ کوشش ہے۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ کراچی کے اہل تشیع اور اہل سنت کے باشعور عوام کو چاہیئے کہ وہ اس طرح کے واقعات میں ہرگز ہرگز اشتعال میں نہ آئیں اور اپنی صفحوں میں اتحاد برقرار رکھیں اور اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہر سازش کو ناکام بنادیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین سالوں سے کراچی میں جاری آپریشن کے باوجود بھی شہر میں امام بارگاہ پردستی بم حملہ سمجھ سے بالاتر ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گرد بزدلانہ کارروائی کرکے کراچی کے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا کر اتحاد بین المسلمین کو توڑنا چاہتے ہیں۔

رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں واقع ایف سی ایریا میں امام بارگاہ درِ عباس پر دستی بم حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو گرفتار کرکے عبرتناک سزا دی جائے اور دہشت گردانہ کارروائی میں ملوث دہشت گردوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طبی سہولیات فراہم کی جائے۔ رابطہ کمیٹی نے حملے شہید ہونے متعدد افراد کے لواحقین سے تعزیت و افسوس کا اظہار کیا اور دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد سے جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کی۔
خبر کا کوڈ : 576355
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش