0
Saturday 19 Nov 2016 19:16

بھارت اپنے کالے قوانین کے تحت مقبوضہ کشمیر میں قتل عام کر رہا ہے، مسعود خان

بھارت اپنے کالے قوانین کے تحت مقبوضہ کشمیر میں قتل عام کر رہا ہے، مسعود خان
اسلام ٹائمز۔ لاہور پریس کلب میں "میٹ دی پریس" سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد جموں و کشمیر مسعود خان نے کہا کہ کشمیر اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے، بھارتی فوج نے بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جولائی سے اب تک سینکڑوں کشمیریوں کو شہید کیا ہے، 980 بچوں اور بچیوں کو بصارت سے محروم کر دیا گیا ہے جبکہ 17 ہزار سے زائد شدید زخمی ہیں، بھارت مقبوضہ کشمیر میں بین الاقوامی قوانین کا اطلاق نہیں کر رہا ہے۔ صدر آزاد جموں و کشمیر مسعود خان نے کہا کہ بھارت اپنے کالے قوانین کے تحت مقبوضہ کشمیر میں قتل عام کر رہا ہے، عالمی میڈیا اور سول سوسائٹی کی ذمہ داری ہے کہ مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل اور مظلوم کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوانے کیلئے کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے عالمی برادری نے غیر ذمہ دار اور بے حسی کا رویہ اپنایا ہوا ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام انڈیا سے نفرت کرتے ہیں، انڈیا کشمیریوں کی نسل کشی بند کرے، اقوام متحدہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوانے کیلئے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے اور بین الاقوامی برادری کشمیری عوام کی داخلی، سفارتی اور عملی مدد کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سول آبادی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جو کہ بین الاقوامی اصولوں کیخلاف ہے، اقوام متحدہ کو اس معاملے پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت دو میگا پراجیکٹ پر کام کر رہی ہے جو کہ پاک چائنہ اکنامک کوریڈور کا حصہ ہیں، آزاد کشمیر حکومت تعلیم اور صحت کے شعبوں میں پنجاب حکومت کے تجربے سے استعفادہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری میں تنہا نہیں، مقبوضہ کشمیر میں کوئی دہشتگرد تنظیم کام نہیں کر رہی ذرائع ابلاغ کو بھارت کے اس منفی پراپیگنڈہ کو ختم کرنا چاہئے۔
خبر کا کوڈ : 585080
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش