0
Sunday 13 Mar 2011 21:13

بعض قوتیں ریمنڈ ڈیوس کو جیل کے اندر قتل کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہیں،انٹیلی جنس ادارے

بعض قوتیں ریمنڈ ڈیوس کو جیل کے اندر قتل کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہیں،انٹیلی جنس ادارے
لاہور:اسلام ٹائمز-انٹیلی جنس اداروں نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ بعض قوتیں لاہور میں قیدامریکی شہری ریمنڈ کو قتل کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہیں اور اس مقصد کے لئے جیل کوٹ لکھپت میں قید ریمنڈ ڈیوس کی سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو استعمال کیا جاسکتا ہے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ انٹیلی جنس ادارے کی جانب سے حال ہی میں وفاقی حکومت کو بھجوائی جانے والی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بعض قوتیں لاہور میں دو پاکستانیوں کے قتل کے الزام میں قید امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس کو جیل ہی میں قتل کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہیں اور اس مقصد کے حصول کیلئے ریمنڈ ڈیوس کی سکیورٹی پر مامور پولیس یا جیل اہلکاروں کو استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کوٹ لکھپت جیل میں ریمنڈ ڈیوس کی جان کو شدید خطرہ ہے۔
رپورٹ میں حکومت پر واضح کیا گیا ہے کہ جو طاقتیں ڈیوس کو قتل کرنا چاہتی ہیں وہ اس قسم کے موقع کی تلاش میں ہیں جس کا شکار چار جنوری کو اسلام آباد میں سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر بنے۔ رپورٹ میں حکومت کو آگاہ کیا گیا ہے کہ ان طاقتوں کے مذموم عزائم کی کامیابی کی صورت میں پاکستان کو مزید مشکل کا سامنا ہو سکتا ہے اور ریمنڈ ڈیوس کے جیل میں قتل کی صورت میں پیدا ہونے والے حالات ان کا بنیادی مقصد ہو سکتا ہے، رپورٹ میں مقتول گورنر پنجاب سلمان تاثیر پر ان ہی کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار کی جانب سے حملے کے واقعہ کو واضح مثال کے طور پر پیش کرتے ہوئے خفیہ ادارے نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اس قسم کا واقعہ کوٹ لکھپت جیل میں بھی ہو سکتا ہے۔ ذرائع نے خفیہ ادارے کی رپورٹ کے حوالے سے مزید بتایا کہ حکومت ریمنڈ دیوس کی سکیورٹی کا از سر نو جائزہ لے اور ریمنڈ ڈیوس کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کی حرکات و سکنات پر کڑی نظر رکھی جائے۔
خبر کا کوڈ : 59334
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش