0
Thursday 22 Dec 2016 17:07

طاقتور کو قانون کی خلاف ورزی کیلئے استثنٰی حاصل ہے، عمران خان

طاقتور کو قانون کی خلاف ورزی کیلئے استثنٰی حاصل ہے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مشرف کے دعوے کے مطابق راحیل شریف نے ان کا نام ای سی ایل سے نکلوانے کے لیے عدالتوں پر پریشر ڈالا جس سے تاثر ملتا ہے کہ اس ملک میں طاقتور کو قانون کی خلاف ورزی کرنے کے لیے استثنیٰ حاصل ہے۔ مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ان کا نام ای سی ایل سے نکلوانے کے لیے عدالتوں پر پریشر ڈالا۔ اس بات سے تاثر ملتا ہے کہ اس ملک میں طاقتور طبقے کو قانون کی خلاف ورزی کرنے کے لیے استثنیٰ حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشتاق رئیسانی نے نیب کے ساتھ پلی بارگینگ کرکے چالیس ارب روپے کی کرپشن میں سے دو ارب روپے ادا کرکے خود کو کلیئر کرا لیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ نیب کرپشن کو پرموٹ کر رہی ہے اور کرائم کے پیسے وصول کر رہی ہے۔ اس سے قبل عمران خان نے کہا تھا کہ حکومت دھاندلی کمیشن کی سفارشات پر عمل نہیں کر رہی۔ نواز شریف کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت دھاندلی کمیشن کی سفارشات پر عمل نہیں کر رہی۔ حکومت اب کوئٹہ کمیشن کی سفارشات پر عمل کیسے کریگی۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کوئٹہ کمیشن رپورٹ حکمرانوں کی ناکامی کی کھلی کتاب ہے۔ کمیشن رپورٹ حکمرانوں کو گھر بھیجنے کیلئے کافی ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ 25 دسمبر کو دوپہر 2 بجے صوابی میں بڑا جلسہ کرنے آ رہا ہوں۔ اس جلسے میں دو باتیں ہوں گی۔ ایک تو ہم سی پیک منصوبے پر اپنے تحفظات بتائیں گے اور اس کیلئے تجاویز دینگے کہ کیسے ایک منصفانہ طریقہ سے سی پیک کا فائدہ تمام صوبوں کو دیا جاسکتا ہے۔ دوسری بات پانامہ پیپرز پر ہوگی، ہم یہ بتائیں گے کہ پاکستان کیلئے یہ وقت کیوں فیصلہ کن ہے۔ ہم نے فیصلہ کرنا ہے کہ ہمیں کس قسم کا پاکستان چاہیئے۔
خبر کا کوڈ : 593721
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش