0
Sunday 25 Dec 2016 14:32

ڈاکٹر عاصم کو جلد انصاف ملے گا اور انور مجید سے تعلق کا انکار نہیں کرتا، آصف زرداری

ڈاکٹر عاصم کو جلد انصاف ملے گا اور انور مجید سے تعلق کا انکار نہیں کرتا، آصف زرداری
اسلام ٹائمز۔ سابق صدرآصف زرداری کا کہنا تھا کہ وہ انور مجید سے تعلقات سے انکار نہیں کرتے جب کہ ڈاکٹر عاصم کو بھی جلد انصاف مل جائے گا۔ کراچی میں مزار قائد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر کا کہنا تھا کہ ان کے انور مجید سے تعلقات ضرور ہیں لیکن انور مجید کےساتھ کیا اور کیوں ہوا یہ وزیرداخلہ سے پوچھا جائے، انور مجید کا معاملہ عدالت میں ہے اب دیکھتے ہیں کہاں تک جاتا ہے۔ ڈاکٹر عاصم کے حوالے سے سابق صدر کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عاصم اس گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں جس نے پاکستان بنایا، ان کی طبیعت خراب ہے، ڈاکٹر عاصم اور ان کے وکلاء سے رابطے میں رہتا ہوں، امید ہے کہ ڈاکٹر عاصم کو انصاف ملے گا۔ آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے 4 مطالبات کی بات 27 دسمبر کو ہوگی، آئین تو انتخابات کی وہی تاریخ دیتا ہے لیکن لوگ ایسے حالات بنا دیتے ہیں کہ انتخابات جلدی ہوں۔ اپنی بیماری سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ میرا علاج لندن اور امریکا میں جب کہ فالو اپ چیک اپ دبئی میں ہوتے ہیں، وہ ڈاکٹرز کی اجازت کے مطابق ہی سفر کرتے ہیں، میڈیا سے گزارش ہے کہ مثبت انداز میں خامیوں پر نظر ڈالیں، خبر سے خبر نہ نکالیں۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ آج بانی پاکستان سے عہد وفا کا دن ہے، پاکستان کو قائد کے مطابق چلائیں گے جب کہ انشاء اللہ پاکستان آج سے مزید مضبوط رہے گا، سب سے التجا ہے کہ ہمیشہ مثبت سوچ رکھیں۔ بعد ازاں سابق صدر آصف زرداری نے ادارہ امراض قلب میں ڈاکٹر عاصم سے ملاقات کی، ملاقات میں انہوں نے ڈاکٹر عاصم سے ان کی خیریت دریافت کی اور انہیں گلدستہ بھی پیش کیا۔
خبر کا کوڈ : 594487
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش