0
Sunday 29 Jan 2017 21:34

تحریک انصاف ہمیشہ کہتی رہی ہے کہ کراچی میں ماس ٹرانزٹ کے نظام کو بہتر کیا جائے، فردوش شمیم نقوی

تحریک انصاف ہمیشہ کہتی رہی ہے کہ کراچی میں ماس ٹرانزٹ کے نظام کو بہتر کیا جائے، فردوش شمیم نقوی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ہمیشہ کہتی رہی ہے کہ اس شہر میں ماس ٹرانزٹ کے نظام کو بہتر کیا جائے، ملک بھر میں بس سروس کا جال بچھایا جا رہا ہے اور اس میں کروڑوں اربوں روپے خرچ ہو چکے ہیں، لیکن پاکستان کے سب سے بڑا شہر اور ملک کا معاشی حب کراچی کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جا رہی، اس شہر کی آبادی ملک کی 10 فیصد آبادی سے زیادہ ہے، لیکن اس کے شہریوں کے پاس یہ سہولت نہیں کہ وہ پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کر سکیں، کراچی سرکلر ریلوے کو فوری طور پر بحال کیا جائے اور ہنگامی بنیادوں پر اس منصوبے پر کام کیا جائے۔ یہ باتیں انہوں نے ضلع وسطی کے علاقے نارتھ ناظم آباد مجاہد کالونی ریلوے پھاٹک پر ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پی ٹی آئی کراچی کے سینئر نائب صدر سیف الرحمان خان، جنرل سیکریٹری سردار عبد العزیز، نائب صدر راجہ اظہر، سرور راجپوت، دوا خان صابر، عبد الرحمان جدون، ضلع وسطی کے صدر سید ثاقب علی، ضلع جنوبی کے صدر منور قریشی، ضلع غربی کے صدر عطاء اللہ خان، الہ الدین آغا، ریاض حیدر، زرقہ ناز، عزیر احمد صدیقی اور دیگر بھی موجود تھے۔

فردوس نقوی نے مزید کہا کہ ہم حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ واضح کریں کہ اس منصوبے میں کتنے اور کونسے مکان متاثر ہو رہے ہیں، اس ملک اور اس ملک کے حکمران رائیونڈ میں اپنے گھر کی دیوار بنانے کے لئے 58 کروڑ خرچ کر سکتے ہیں لیکن اس بات کی یقین دہانی کروانے کے لئے تیار نہیں کہ اس منصوبے میں جن کے مکان متاثر ہو رہے ہیں ان کو ایک مکان اور چھت دی جائے، اس منصوبے کے اندر جن لوگوں کے گھر مسمار کئے جانے ہیں ان کی متبادل رہائش کے انتظام کو بھی منصوبے کے بجٹ میں شامل کیا جائے اور گھروں کو مسمار کرنے سے پہلے انکو متبادل رہائش فراہم کی جائے، اگر ان لوگوں کو مکان نہیں دیا جاتا تو ان کو ان کے مکان کے برابر رقم ادا کی جائے تاکہ وہ اپنے اور گھر والوں کے لئے مکان کا بندوبست کر سکیں، شہر بھر میں غیر قانونی تعمیرات کرکے لوگوں نے کروڑوں اور اربوں روپے بنائے ہیں، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ان چہرے جنہوں نے اس معاشرے کو لوٹا ہے ان کو بے نقاب کرے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کا ٹریک جہاں جہاں جا رہا ہے، وہاں ٹریک کے دونوں اطراف آبادی ہے، بغیر کسی معاوضے یا متبادل رہائش کے ان لوگوں کے گھروں کو مسمار کرنا سراسر ظلم اور زیادتی ہوگی اور ظلم کے خلاف کھڑے ہونے کے لئے تحریک انصاف ہمیشہ تیار ہوتی ہے، ماضی میں ایک جماعت جس کا نام متحدہ قومی موومنٹ ہے اس کے قائد نے کہا کہ ہمارے کارکنان نے چائنا کٹنگ کی، لوگوں سے پیسے لے کر سرکاری زمین پر قبضہ کر کے انہیں پلاٹ فروخت کئے، اب اس کے بچے جو نام بدل کر میدان میں اتر آئے ہیں ایک بار پھر شہر کو لوٹنے کی کوشش کی جارہی ہے، پاکستان تحریک انصاف نہیں چاہتی کہ اس شہر کے ساتھ پھر زیادتی ہو، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ جس کی چھت توڑی جائے اس کو متبادل جگہ اور گھر فراہم کیا جائے، جب تک اس کی یقین دہانی نہیں کروائی جاتی تب تک یہ کام آگے نہیں بڑھنا چاہیئے۔
خبر کا کوڈ : 604689
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش