0
Friday 10 Mar 2017 20:43

ملتان، مذہبی جماعتوں کے زیراہتمام سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

ملتان، مذہبی جماعتوں کے زیراہتمام سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ تحریک حرمت رسول(ص)، جماعةالدعوة اور دیگر مذہبی تنظیموں کی اپیل پر علمائے کرام کی طرف سے پورے جنوبی پنجاب بھر کی مساجد میں تحفظ حرمت رسول (ص) کے موضوع پر خطبات جمعہ کا اہتمام کیا گیا۔ خطبات جمعہ میں سوشل میڈیا پر گستاخیوں کیخلاف مذمتی قراردادیں بھی پاس کی گئیں، اس دوران جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔ ملتان میں تحریک حرمت رسول (ص) اور جماعة الدعوة کے زیراہتمام چوک رشید آباد پر ناموس رسالت (ص) کے سلسلہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرے کے دوران حرمت رسول پر جان بھی قربان ہے، گستاخ بلاگرز کو گرفتار کرو کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔ مظاہرے کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر رسول اکرم (ص) سے عقیدت کے نعرے درج تھے۔ مظاہرے کے دوران شرکاء کا کہنا تھا کہ رسول اکرم (ص)سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ ہم جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو سوشل میڈیا پر حرمت رسول اللہ (ص)کی گستاخی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ہمارے ملک میں گستاخ بلاگرز رہا اور حرمت رسول اللہ (ص) کا دفاع کرنے والے نظربند ہیں۔ حکومت پاکستان گستاخانہ ویب سائٹس اور توہین آمیز مواد اپ لوڈ کرنے والے اکاؤنٹس بند کرے اور شان رسالت (ص) میں گستاخیاں کرنے والوں کو گرفتار کر کے قر ار واقعی سزا دے۔ سائبر کرائم بل میں تمام انبیاء کی توہین کے حوالہ سے سخت سزاء کی شق شامل کی جائے۔ شرکاء کا مزید کہنا تھا کہ دشمنان اسلام کی طرف سے منظم منصوبہ بندی کے تحت گستاخانہ مواد اپ لوڈ کیا جا رہا ہے۔ گستاخ بلاگرز کو رہا کرنا درست نہیں، حرمت رسول (ص) کا تحفظ ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔ شان رسالت (ص) میں گستاخیوں پر کسی صورت خاموشی اختیار نہیں کی جاسکتی۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے انتہائی ایمان افروز کردار ادا کیا ہے۔ یہ ملک اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا ہے یہاں پر گستاخ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو رہنے کا کوئی حق نہیں۔ رسول اللہ(ص) کی شان میں گستاخی کر کے ملک دشمن عناصر ملک میں انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ ایسے عناصر کو فوری گرفتار کر کے اسلامی قوانین کے مطابق سزا دی جائے۔ بھارت اور بعض مغربی ملکوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر بڑھتی ہوئی گستاخیوں پرحکومتی خاموشی سے گستاخ بلاگرز کے حوصلے بڑھے اور انہوں نے کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کئے گئے ملک میں بیٹھ کر ایسی مذموم حرکتوں کا ارتکاب شروع کر دیا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ انتہائی حساس مسئلہ ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پاکستان پر فرض ہے کہ وہ تحفظ حرمت رسول (ص)کیلئے کسی بیرونی دباؤ کو خاطر میں نہ لائے اور اس سلسلہ میں جرأتمندانہ اقدامات کئے جائیں۔ گستاخ بلاگرز فی الفور گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سزائیں دی جائیں تاکہ آئندہ کسی کو اسلام، قرآن اور نبی اکرم (ص) کی شان اقدس میں گستاخیوں کی جرأت نہ ہو۔
خبر کا کوڈ : 616914
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش