0
Thursday 30 Mar 2017 08:03

بھاجپا حکومت مسلم مخالف ایجنڈے پر کام کر رہی ہے، محمد یوسف تاریگامی

بھاجپا حکومت مسلم مخالف ایجنڈے پر کام کر رہی ہے، محمد یوسف تاریگامی
اسلام ٹائمز۔ سی پی آئی ایم کے ریاستی سکریٹری اور ایم ایل اے کولگام محمد یوسف تاریگامی نے بھارت کے مسلمانوں کو تحفظ اور دیگر حقوق و مراعات فراہم کرنے سے متعلق سچر کمیٹی اور دیگر کمشنوں کے رپورٹوں کو عملانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ موجودہ بھارتی حکومت کل مسلم مخالف ایجنڈے پر کام کر رہی ہے، اس نے بھی مسلمانوں کے ساتھ ہو رہی ناانصافیوں کی فہرست میں اضافہ کر دیا ہے۔ سرینگر میں میڈیا کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیمونسٹ پارٹی آف انڈیا (م) کے ریاستی سکریٹری محمد یوسف تاریگامی نے کہا کہ جہاں تک بھارت میں مسلمانوں کا تعلق ہے کہ وہ اقلیت میں ہے، یہ بھی حقیقت ہے کہ مسلمان بدحال ہے اور تعلیمی و اقتصادی میدان میں بھی پیچھے ہیں اور دلتوں سے بہتر زندگی بسر نہیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وجہ سے سچر کمیٹی بنی اور بعد میں مسلمانوں کو حقوق کے لئے معتبر ججوں کی قیادت میں مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں لیکن افسوس اس بات کا ہے ان کمیٹیوں کی سفارشات کو آج تک عملایا نہیں گیا اور ان پر عمل کرنا نہ ہونے کے برابر ہے۔

محمد یوسف تاریگامی نے کہا کہ بھاجپا حکومت مسلم مخالف ایجنڈے پر کام کر رہی ہے اور اس حکومت نے بھی مسلمانوں کے ساتھ کی جا رہی نا انصافی کی فہرست میں اضافہ کر دیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ رہی سہی کسر اترپردیش کے الیکشن نے پوری کی۔ انہوں نے کہا کہ یو پی انتخابات کے دوران بھارتی وزیراعظم نے کھلم کھلا قبرستان اور شمشان گھاٹ کا نعرہ لگاکر ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش کی۔ محمد یوسف تاریگامی نے یوپی کے نامزد وزیراعلٰی کو مانا ہوا ہندو فرقہ پرست قرار دیتے ہوئے کہا کہ یو پی میں وزرات اعلٰی کی کرسی ایسے شخص کو سونپی گئی جن کے خلاف کئی کیس چلا رہے ہیں اور ان کو اقتدار سونپنا کوئی اتفاق نہیں بلکہ مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کو زیر کرنے کی ایک اور سازش ہے بلکہ یہ ملک میں ہندو مملکت قائم کرنے کی ایک سگنل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پی آئی ایم کا ہمیشہ یہی مطالبہ رہا ہے کہ سچر کمیٹی اور دیگر کمشنوں کی رپورٹوں کو عملایا جائے۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے موجودہ حالات پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں بہت سارے مسائل ہیں۔ انہوں نے ریاست کے مین اسٹریم، علٰیحدگی پسندوں اور سماج کے دیگر طبقوں سے اپیل کی کہ وہ سیاسی اختلافات کو ایک طرف چھوڑ کر عوام کو ان مشکلات کے بھنور سے نکالنے کے لئے پہل کریں۔
خبر کا کوڈ : 622712
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش