0
Tuesday 4 Apr 2017 20:36
نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہ ہونے کیوجہ سے 2 سال بعد بھی آج فوجی عدالتوں کی ضرورت پڑی

دہشتگردی کے معاملے پر ملک جہاں 2 سال پہلے کھڑا تھا آج بھی وہیں کھڑا ہے، بلاول بھٹو

ان حکمرانوں میں وہ اہلیت اور صلاحیت نہیں جو صحیح وقت پر درست فیصلہ کرسکیں
دہشتگردی کے معاملے پر ملک جہاں 2 سال پہلے کھڑا تھا آج بھی وہیں کھڑا ہے، بلاول بھٹو
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ (ن) پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگ آپ کی کمیشن اور دھونس دھمکی کی سیاست سے تنگ آچکے ہیں، اب بہت ہوچکا، میاں صاحب آپ کو جانا ہوگا۔ اندرون سندھ کے علاقے گڑھی خدا بخش میں پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی 38ویں برسی کی تقریب کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج کے دن پاکستان کے کسانوں، مزدوروں، طالب علموں کے رہنماء کو پھانسی دی گئی، مگر افسوس آج تک نہ بھٹو اور نہ بھٹو کے وارثوں کو انصاف مل سکا، بھٹو کا جرم یہ تھا کہ انہوں نے ملک کو آزاد خارجہ پالیسی دی، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے معاملے پر ملک جہاں دو سال پہلے کھڑا تھا، آج بھی وہیں کھڑا ہے، نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہ ہونے کی وجہ سے 2 سال بعد بھی آج فوجی عدالتوں کی ضرورت پڑی، ان حکمرانوں میں وہ اہلیت اور صلاحیت نہیں جو صحیح وقت پر درست فیصلہ کر سکیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ان حکمرانوں سے خیر کی امید نہ رکھیں، کیونکہ ان کو قومی سلامتی کی نہیں بلکہ پاناما کی پریشانی ہے، یہ ملک کیلئے نہیں صرف کرپشن سے کمائے گئے پیسوں کو بچانے کا سوچتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاق کی جماعت ہے، اسے کمزور کرنے کا کھیل نہیں کھیلنے دیں گے، لوگ آپ کی کمیشن اور دھونس دھمکی کی سیاست سے تنگ آچکے ہیں، بہت ہوچکا میاں صاحب اب آپ کو جانا ہوگا، عوام آپ کو اس ملک سے نکال کر ہی دم لے گی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ میاں صاحبان اور مسلم لیگ (ن) پورے ملک میں ترقی کا ڈھول پیٹ رہے ہیں، اگر واقعی ترقی ہو رہی ہے، تو بیرونی قرضے کیوں بڑھتے جا رہے ہیں، آئی ایم ایف سے نجات کیوں نہیں ملتی، چھوٹے صوبوں میں احساس محرومی کیوں بڑھ رہی ہے، عوام آپ سے نجات کیوں پانا چاہتے ہیں، ملیں اور فیکٹریاں کیوں بند ہو رہی ہیں، بجلی کے بعد گیس کی لوڈشیڈنگ کیوں بڑھتی جا رہی ہے، منافع بخش ادارے کیوں بیچے جا رہے ہیں، یہ کیسی ترقی ہے، جو اشتہارات تک محدود ہے۔ میاں صاحب سن لیں، آپ اپنے آپ کو بے وقوف بنا سکتے ہیں، مگر 20 کروڑ عوام کو نہیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ پچھلے دنوں میاں صاحب اپنے لشکر کے ساتھ سندھ فتح کرنے آئے، لیکن سندھ کے لوگ آپ کو اچھی طرح جانتے ہیں، وہ آپ کے جھوٹے وعدوں کو پہچانتے ہیں، 2 سال پہلے آپ نے مٹھی کیلئے 2 ارب روپے کا اعلان کیا تھا، مگر جب کچھ دینے کی باری آتی ہے تو صرف جھوٹے وعدے کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن کیلئے بالکل تیار ہیں اور پارٹی نے منشور کی تیاری شروع کر دی ہے، جو بھٹو کے مشن کے مطابق مکمل عوامی اور فلاحی منشور ہوگا، جس میں کسان کو فصل کی قیمت اور مزدور کو صحیح قیمت ملی گے اور تعلیم و روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی سیاست کی، نوجوانوں کی سیاست کو گالی اور گولی سے پاک کرنا ہے۔
خبر کا کوڈ : 624702
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش