0
Friday 7 Apr 2017 09:51

کرم ایجنسی میں ریڈ الرٹ جاری

کرم ایجنسی میں ریڈ الرٹ جاری
اسلام ٹائمز۔ کرم ایجنسی کی پولیٹکل انتظامیہ اور سکیورٹی ایجنسیز نے افغانستان کی سرحد سے دہشت گرد گروہ داعش کے خودکش بمبار اور جنگجووں کے ایجنسی میں داخل ہونے کی خبر کے بعد ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے ریڈ الرٹ جاری کیے جانے کے بعد تمام تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے اور قبائلی عوام کسی بھی ناخوش گوار واقعے سے نمٹنے کے لیے تیار ہو گئے ہیں۔ پولیٹیکل انتظامیہ کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ اطلاعات ملتے ہی انھوں نے مقامی افراد خصوصاً ان لوگوں کو جو افغان سرحدکے قریب ہیں انھیں مطلع کیا اور ان کے علاقوں میں سکیورٹی کو بڑھانے کی ہدایت کی۔ قبائلی عوام نے مساجد سے اعلان کرتے ہوئے حملوں کے خطرات سے آگاہ کر دیا ہے جس کے بعد مسلح رضاکاروں کو گھروں کی چھتوں اور شہر کے قریب بنکرز پر تعینات کر دیا گیا ہے۔ کرم ایجنسی کے تعلیمی اداروں نے تین روز تک ایجنسی میں چھٹی کا اعلان کر دیا۔ نیشنل ایجوکیشن کونسل فاٹا کے صدر مرتضیٰ حسین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ تعلیمی اداروں کے اندر اور اطراف میں فول پروف سکیورٹی کے اقدامات کرے۔ اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ شاہد علی خان کا کہنا تھا کہ عوام شہر کے داخلی راستوں پر خندقیں کھود رہے ہیں جبکہ سکیورٹی ایجنسز گزرنے والے افراد اوران کی گاڑیوں کی تلاشی بھی لیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تصدیق کے بعد صرف رجسٹرڈ گاڑیوں کو وہاں سے داخلے کی اجازت ہو گی۔
خبر کا کوڈ : 625465
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش