0
Friday 7 Apr 2017 10:37

سینیئر صحافی حامد میر نے ایوارڈ میں ملنے والی 15 ہزار یورو کی رقم عطیہ کردی

سینیئر صحافی حامد میر نے ایوارڈ میں ملنے والی 15 ہزار یورو کی رقم عطیہ کردی
اسلام ٹائمز۔ سینئر صحافی اور پاکستان کے ممتاز اینکر پرسن حامد میر نے بین الاقوامی ایورڈ میں ملنے والی 15 ہزار یورو کی رقم کام کے دوران مارے جانیوالے پاکستانی صحافیوں کے اہلخانہ کو عطیہ کر دی ہے۔ حامد میر نے اس بات کا اعلان اسلام آباد میں فیڈرل یونین آف جرنلٹس کے زیراہتمام منعقدہ تقریب میں کیا۔ تقریب میں دوران ڈیوٹی جاں بحق ہونیوالے صحافیوں کے اہلخانہ اور دیگر صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں چیئرمین سینیٹ رضا ربانی اور وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگ زیب بھی شریک ہوئیں۔ حامد میر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں صحافی محفوظ نہیں اور وہ خود بھی 2 مرتبہ قاتلانہ حملے کا شکار ہو چکے ہیں لیکن آج تک انہیں انصاف نہیں ملا۔ حامد میر کا کہنا تھا کہ افسوس ہے کہ پاکستان کے مختلف طبقوں میں انصاف دینے کا معیار بھی مختلف ہے، یہی وجہ ہے کہ یہاں عام آدمی کیلئے انصاف ناپائید ہے۔ بین الاقوامی صحافتی تنظیم "جرنلسٹس ود آؤٹ بارڈرز" کے اقبال خٹک نے پاکستان میں صحافیوں کیخلاف ہونیوالے جرائم کے اعداد و شمار بتاتے ہوئے کہا کہ صرف دسمبر 2016ء سے فروری 2017ء کے درمیان 3 ماہ میں 3 صحافیوں کو مار دیا گیا، 7 کو گرفتار کیا گیا، 17 صحافیوں پر حملے کرکے زخمی کیا گیا جبکہ 4 پر قانونی مقدمے بنائے گئے جبکہ گزشتہ 15 سال میں 110 سے زیادہ صحافی قتل کیے گئے جن میں بڑی تعداد کی ہلاکتیں بم دھماکوں میں نہیں ہوئیں بلکہ ان کو چن کر مارا گیا۔ تقریب میں شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے مقتول صحافی حیات اللہ خان کے اہلخانہ بھی موجود تھے۔ حیات اللہ کو اغوا کرنے کے بعد قتل کر دیا گیا تھا جبکہ ان کے مقدمے کی پیروی کرنیوالی ان کی بیوہ بھی ایک بم دھماکے میں ہلاک ہوگئی تھیں۔
خبر کا کوڈ : 625472
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش