0
Friday 19 May 2017 23:58

استحکام پاکستان و امام مہدیؑ کانفرنس مسائل و بحرانوں سے نجات کیلئے سنگ میل ثابت ہوگی، علی حسین نقوی

استحکام پاکستان و امام مہدیؑ کانفرنس مسائل و بحرانوں سے نجات کیلئے سنگ میل ثابت ہوگی، علی حسین نقوی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری سیاسیات سید علی حسین نقوی نے کہا ہے کہ کراچی میں ہونے والی استحکام پاکستان و امام مہدیؑ کانفرنس کراچی سمیت سندھ کے ساتھ ساتھ ملک بھر کی عوام کو درپیش مسائل و بحرانوں سے نجات کیلئے ایک مؤثر آواز اور سنگ میل ثابت ہوگی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے 21 مئی کو نشترپارک میں منعقد ہونے والی استحکام پاکستان و امام مہدیؑ کانفرنس کی تشہری و رابطہ مہم کے سلسلے میں سولجر بازار میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علی حسین نقوی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت عوامی و علاقائی مسائل کو حل کرنے میں یکسر ناکام ہوگئی ہے، 70ء اور 80ء کی دہائی میں پاکستان کا ماڈل شہر کراچی حکمرانوں کی نااہلی اور غفلت کے باعث اب کچرے اور دہشتگردی کا ماڈل بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناقص صفائی ستھرائی، گندگی، سیوریج کے مسائل، بغیر فلٹر گندا پانی، بے روزگاری، لوڈشیڈنگ، دہشتگردی سمیت کئی بحرانوں نے کراچی سمیت ملک بھر کی مظلوم عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔

علی حسین نقوی نے کہا کہ ملک کو 70 فیصد سے زائد ریونیو دینے کے باوجود کراچی کے شہری بنیادی حقوق اور سہولیات تک سے محروم ہیں، جس کی تمام تر ذمہ داری وفاقی و صوبائی حکومت پر عائد ہوتی ہے، کرپشن میں مصروف حکمران عوامی و علاقائی مسائل کو حل کرنے کے بجائے انہیں یکسر نظر انداز کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں شدید گرمی کے باوجود کے الیکٹرک و دیگر بجلی فراہم کرنے والے اداروں کی جانب سے بڑھتی ہوئی اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کیلئے اب تک کسی بھی قسم کے عملی اقدامات نہ اٹھایا جانا اور ہیٹ اسٹروک کے خطرے سے عملاً لاتعلقی سندھ حکومت کی نااہلی اور بے حسی کا کھلا ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی حقوق پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے نہیں دیں گے، ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، عوامی مسائل کے حل اور حقوق کی بازیابی کیلئے جس سطح تک جانا پڑے جائیں گے، 21 مئی کو نشترپارک کراچی میں ہونے والی استحکام پاکستان و امام مہدیؑ کانفرنس کراچی سمیت سندھ کے ساتھ ساتھ ملک بھر کی عوام کو درپیش مسائل و بحرانوں سے نجات کیلئے ایک مؤثر آواز اور سنگ میل ثابت ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 638414
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش