0
Saturday 9 Apr 2011 09:05

اسرائیل کی غزہ پر بمباری، حماس کے رہنما سمیت 12 افراد جاں بحق، فلسطینی متحارب دھڑوں کے مابین جنگ بندی پر اتفاق

اسرائیل کی غزہ پر بمباری، حماس کے رہنما سمیت 12 افراد جاں بحق، فلسطینی متحارب دھڑوں کے مابین جنگ بندی پر اتفاق
مقبوضہ بیت المقدس:اسلام ٹائمز۔ اسرائیل کی غزہ میں بمباری سے حماس رہنما سمیت 12 افراد جاں بحق ہو گئے۔ خبرایجنسی کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے جمعے کے روز غزہ پٹی پر بمباری کی، جس سے دو خواتین سمیت 9 افراد جاں بحق ہو گئے، جوابی حملے میں حماس نے اسرائیل حدود میں 6 راکٹ داغے، حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے حملے میں حماس کا ایک کمانڈر زخمی ہوا ہے۔ اسرائیلی فضائیہ نے اعتراف کیا ہے فضائیہ کے ایک حملے کے دوران شہری بھی زخمی ہوئے ہیں۔ خبرایجنسی کے مطابق آخری اطلاعات تک غزہ پٹی پر اسرائیل کے بغیر پائلٹ کے طیاروں کی پروازیں جاری تھی۔ اسرائیل کی جانب سے غزہ کے جنوبی علاقے میں بھی بمباری کی گئی، جس سے حماس کمانڈر سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
 آج نیوز کے مطابق غزہ پر اسرائیلی فضائیہ کی بمباری سے حماس کے تین ارکان اور دو خواتین سمیت چھ فلسطینی شہید ہو گئے۔ اسرائیل نے ایک مرتبہ پھر غزہ میں دہشت گردی شروع کر دی ہے۔ صہیونی فوج نے غزہ پر زمینی اور فضائی حملے کیے، پہلا فضائی حملہ خان یونس کے ایک مکان پر ہوا، جس میں ایک بزرگ اور دو خواتین شہید جبکہ دیگر تین خواتین زخمی ہوئیں۔ دیگر دو حملوں میں حماس کے تین نوجوان شہید ہوئے، اسرائیلی طیاروں کی بمباری میں کئی شہری بھی زخمی ہوئے۔ 
 ادھر اسرائیل کے ساتھ کشیدگی کے خاتمے کیلئے تمام فلسطینی متحارب دھڑوں کے مابین جنگ بندی پر اتفاق طے پا گیا۔ فلسطینی تنظیم حماس کے جاری کردہ بیان کے مطابق اسرائیل کے ساتھ کشیدگی کے خاتمے کیلئے غزہ کی پٹی کے تمام مسلح گروپوں کو جنگ بندی پر آمادہ کر لیا گیا ہے۔ اس ضمن میں مسلح گروپوں نے متفقہ معاہدے پردستخط کرنے کی حامی بھر لی ہے۔
اس سے پہلے کی خبروں میں بتایا گیا تھا کہ فلسطینی گروپ حماس کا کہنا ہے کہ اس نے دیگر گروپوں کے ساتھ اسرائیل پر فائرنگ نہ کرنے کا معاہدہ کر لیا ہے اس جنگ بندی کا مقصد اسرائیلی جارحیت سے بچنا ہے۔ فلسطین سے حملے کے بعد اسرائیلی جنگی جہاز نے حماس کے غزہ میں موجود کمپاؤنڈ کو نشانہ بنایا جبکہ غزہ شہر اور رفاح کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیل کے وزیرِاعظم بینجمن نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ اسرائیل غزہ کی جانب سے کیے جانے والے کسی بھی حملے پر سخت کارروائی کرے گا، نیتن یاہو کے مطابق اسرائیل اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔

خبر کا کوڈ : 64047
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش