0
Saturday 9 Apr 2011 10:03

سرائیکی صوبے کے قیام پر پیپلز پارٹی کی منشور کمیٹی کا اجلاس، پیپلز پارٹی نے جنوبی پنجاب کو سرائیکی صوبہ بنانے کا فیصلہ کر لیا،ذرائع

سرائیکی صوبے کے قیام پر پیپلز پارٹی کی منشور کمیٹی کا اجلاس، پیپلز پارٹی نے جنوبی پنجاب کو سرائیکی صوبہ بنانے کا فیصلہ کر لیا،ذرائع
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ ایوان صدر میں پیپلز پارٹی کی منشور کمیٹی کے اجلاس میں سرائیکی صوبے کے قیام اور بلوچستان میں سیاسی مفاہمت کے لئے الگ الگ کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، آصف زرداری کا کہنا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ عوامی امنگوں کو سامنے رکھ کر کیا جائے گا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی زیر صدارت پارٹی کی منشور کمیٹی کا اجلاس ایوان صدر اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں سرائیکی صوبے کے قیام، معاشی صورتحال، بلوچستان میں سیاسی مفاہمت اور ملک کو درپیش مسائل پر بات چیت ہوئی۔
 صدراتی ترجمان فرحت اللہ بابر نے میڈیا کو بتایا کہ صدر مملکت نے قوم سے کئے گئے وعدوں پر عملدرآمد سے متعلق جامع رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اجلاس میں ملکی مسائل کو مدنظر رکھ کر پارٹی کا نیا منشور تیار کرنے اور قوم کو نیا سیاسی روڈ میپ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں سرائیکی صوبے کے قیام سے متعلق سفارشات اور بلوچستان میں مفاہمتی عمل سے متعلق رپورٹ کی تیاری کیلئے دو ذیلی کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ 
ادھر ذمہ دار ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پیپلزپارٹی نے جنوبی پنجاب کو سرائیکی صوبہ بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ صدر آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی کی منشور کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دیدی۔ 17 رکنی منشور کمیٹی کے سربراہ تاج حیدر کی قیادت میں صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور شریک چیئرمین کو منشور کے خاص نکات پر بریفنگ دی اور اہم صلاح و مشورہ کیا۔ ذرائع کے مطابق شریک چیئرمین آصف زرداری نے منشور کمیٹی کو ہدایت کی کہ منشور میں ذوالفقار علی بھٹو کے فلسفے کی روح کے مطابق اضافہ کیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کے مطالبے کے مطابق سرائیکی صوبے کو منشور کا حصہ بنانا اہم اقدام ہو گا۔

خبر کا کوڈ : 64055
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش