0
Sunday 2 Jul 2017 21:34

ملتان جانیوالے وین میں آگ لگ گئی، ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق، 24 جھلس کر زخمی

ملتان جانیوالے وین میں آگ لگ گئی، ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق، 24 جھلس کر زخمی
اسلام ٹائمز۔ ملتان کے قریب ہیڈ محمد والا پر مسافر وین میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق اور 24 جھلس گئے۔ زخمیوں اور نعشوں کو نشتر اسپتال ملتان منتقل کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لیہ سے تعلق رکھنے والے ایک خاندان کے لوگوں نے چوک منڈا سے ایک نجی مسافر گاڑی کرائے پر حاصل کی تھی تاکہ وہ اولیاء کی سرزمین ملتان جا کر بہاﺅالدین ذکریا ملتانی سمیت دیگر اولیاء کے مزارات پر حاضری دے سکیں لیکن ہیڈ محمد والا کے قریب ہی افسوسناک سانحہ پیش آگیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مسافر گاڑی ٹائر پھٹنے کے باعث دریا کے کنارے لگے ہوئے بیریئرز سے ٹکرا گئی اور اس میں فوری طور پر آگ لگ گئی۔ آگ لگنے کے بعد وین کی اگلی نشستوں پر بیٹھے افراد تو فوری طور پر گاڑی سے نکلنے میں کامیاب ہوگئے جس کی وجہ سے انہیں معمولی نقصان پہنچا۔ گاڑی کے پچھلے حصے میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی جو آگ لگنے کے باعث گاڑی سے نہ نکل سکی۔
 
ریسکیو حکام نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والی مسافر وین میں سی این جی سلنڈر موجود تھے اور جب گاڑی بیریئر سے ٹکرائی تو گیس سلنڈر لیگ ہوگئے اور گاڑی میں ہونے والے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے اس میں فوری طور پر آگ لگی۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ سے جھلسنے کے باعث 4 خواتین سمیت 6 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ 24 افراد آگ سے جھلس گئے ہیں۔ زخمیوں میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے جن میں سے اکثر کی حالت سخت نازک ہے۔ جاں بحق ہونے والے افراد کی میتیں بری طرح جھلس گئی ہیں جن کی شناخت کرنا بھی ممکن نہیں ہو پا رہا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جس جگہ آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا وہاں قریب ہی کچھ مقامی افراد موجود تھے جبکہ وہاں پولیس چوکی بھی تھی جنہوں نے فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کردیں جبکہ جلد ہی ریسکیو اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے، انہوں نے امدادی کارروائیاں شروع کرکے گاڑی میں لگی آگ پر قابو پایا اور زخمیوں اور جاں بحق ہونے والے افراد کو فوری طور پر نشتر اسپتال ملتان منتقل کردیا۔
خبر کا کوڈ : 650299
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش