0
Monday 24 Jul 2017 14:35

خیبر پی کے، غیر مسلم طالب علموں کیلئے خصوصی کوٹے کا مطالبہ

خیبر پی کے، غیر مسلم طالب علموں کیلئے خصوصی کوٹے کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ پشاور اور خیبر پختونخوا کے دیگر علاقوں میں غیر مسلم برادریوں سے تعلق رکھنے والوں نے صوبے کے میڈیکل اور انجینئرنگ کالجوں میں اپنے بچوں کے داخلے کے لئے 5 فیصد کوٹہ مختص کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پشاور میں احتجاجی مظاہرے کے دوران غیر مسلم اقلیتوں کے رہنماؤں نے کہا کہ انہیں صوبے کے تمام میڈیکل کالجوں میں صرف ایک نشست مخصوص کوٹے کے تحت دی جاتی ہے، جبکہ انجینئرنگ کالجز میں اقلیتی طلباء کے لئے کوئی سیٹ مختص نہیں کی گئی ہے۔ پاکستان مینارٹی یونٹی کونسل خیبر پختونخوا کے صدر جیکب اگسٹن نے احتجاج کے دوران میڈیا کو بتایا کہ کے پی کے میں رہائش پذیر غیر مسلم اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے لوگ مالی طور پر خوشحال نہیں ہیں، اس لئے اُن کے بچے اوپن میرٹ پر نجی تعلیمی اداروں سے تعلیم حاصل کرنے والے نوجوانوں کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔ انہوں نے صوبے کے تمام میڈیکل اور انجینئرنگ کالجوں میں غیر مسلم اقلیتوں کے لئے 5 فیصد خصوصی کوٹہ مختص کرنے کا مطالبہ کیا۔

مظاہرے میں ہندو، سکھ، مسیحی اور دیگر غیر مسلم اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی اور اپنے مطالبے کے حق میں نعرہ بازی بھی کی۔ واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے تمام میڈیکل اور انجینئرنگ کالجوں میں ملحقہ قبائلی علاقوں اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے طلباء کے لئے خصوصی کوٹہ مقرر ہے۔ فی الوقت صوبے کے میڈیکل کالجوں میں زیر تعلیم طلباء اور طالبات میں صرف 39 کا تعلق قبائلی علاقوں سے ہے۔ قبائلی علاقوں کے سیاسی اور سماجی رہنما بھی اس خصوصی کوٹے سے مطمئن نہیں اور وہ بھی اس کوٹے میں اضافے کا مطالبہ کرتے آرہے ہیں۔ وزیراعلٰی پرویز خٹک کے مشیر شوکت یوسفزئی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اقلیتی برادری کے مطالبات سے صوبائی حکومت کو آگاہ کیا جائے گا، ان کا مزید کہنا تھا کہ غیر مسلم اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے طلباء اور طالبات کو اوپن میرٹ پر داخلے دیئے جا رہے ہیں اور اُن کو حصول تعلیم کے لئے مزید مراعات دینے پر غور کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 655735
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش