0
Sunday 13 Aug 2017 18:52

نااہل وزیراعلٰی کیوجہ سے ڈیرہ اسماعیل خان ہمارے لئے مقتل بن گیا ہے، علامہ ناصر عباس

نااہل وزیراعلٰی کیوجہ سے ڈیرہ اسماعیل خان ہمارے لئے مقتل بن گیا ہے، علامہ ناصر عباس
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم آزادی کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر پوی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کہ ارض پاک اللہ تعالٰی کی طرف سے ہمارے لئے ایک عظیم نعمت ہے۔ اس ملک کی ترقی، سالمیت و استحکام میں ہر شخص اپنا انفرادی کردار ادا کرکے اس نعمت کا شکر ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کی واحد ریاست ہے جو نظریہ اسلام کی بنیاد پر معرض وجود میں آئی۔ آزادی کی اس نعمت کے حصول میں قائد اعظم محمد علی جناح کی شبانہ روز جدوجہد اور ہزاروں افراد کی قربانی شامل ہیں۔ وطن کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت ملک کے ہر شہری کا اولین فریضہ ہے، جس میں کوتاہی حب الوطنی کے تقاضوں سے انحراف ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح کی آزاد ریاست کا خواب قائد و اقبال نے دیکھا تھا وہ ابھی تک شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکا۔ علامہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ گذشتہ تین دہائیوں سے یہ ملک دہشت گردی کا شکار ہے۔ آج جبکہ پورا پاکستان آزادی کا جشن منا رہا ہے اور ہم ڈیڑہ اسماعیل خان میں جنازے رکھ کر غمگین بیٹھے ہوئے ہیں۔ دو روز قبل ہمارے دو افراد کو شہید کیا گیا، آج پھر دہشت گردوں نے ہمیں لاش کا تحفہ دیا۔ شہید وکیل شاہد شیرازی کے چچا کو آج گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ ہم اس ملک میں امن کی بات کرتے ہیں، لیکن ہمیں جواب میں لاشیں دی جا رہی ہیں۔ کے پی کے کے وزیر اعلٰی ایک نااہل شخص ہے۔ ڈی آئی خان میں دہشت گردوں پر قابو پانے میں ناکامی ان کی نااہلیت کا بین ثبوت ہے۔ پاکستان کو بےرحمی سے لوٹنے والوں کو قانون و آئین کے مطابق گھر بھیجنے کے عمل کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ قائد اعظم کے پاکستان میں بدعنوان لوگوں کی کوئی گنجائش نہیں۔ ملک کو مختلف حکومتوں کی طرف سے دانستہ طور پر متعدد مسائل کا شکار رکھا گیا۔ کبھی جمہوریت کے نام پر اقتدار میں آنے والے حکمران لوٹنے میں مصروف رہے تو کبھی آمرانہ حکومتوں نے اختیارات کے ناجائز استعمال سے ملک کو یرغمال بنائے رکھا۔ ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ اس ملک کو غیر مستحکم کرنے میں ان موروثی سیاستدانوں اور جاگیرداروں کا بھی بڑا کردار رہا ہے، جو ذہنی طور پر آج بھی انگریز کے غلام ہیں۔ اقتدار کے رسیا وہ حاکم جو اپنے اقتدار کی بقا اور طوالت کے لئے قومی عزت نفس اور ملکی مفاد کو داو پر لگاتے رہے، انہوں نے اس ملک کو آج تک بیرونی ڈکٹیشن سے آزاد نہیں ہونے دیا۔ آج کے دن ہم سب نے مل کر اس ارض پاک سے عہد کرنا ہے کہ اسے ناصرف دہشت گردی اور کرپشن کی لعنت سے آزادی دلائیں گے بلکہ ہر اس استعماری و طاغوتی قوت سے بھی نجات دلائی جائے گی، جو عالمی طاقت اور اختیارات کے زعم میں مبتلا ہو کر پوری قوم کو غیر آئینی احکامات کے تابع رکھنا چاہتی ہے۔ علامہ ناصر عباس نے مجلس وحدت مسلمین کے تمام ضلعی و صوبائی دفاتر کو ہدایت کی ہے کہ وہ جشن آزادی کے موقعہ پر دفاتر کو قومی پرچم اور برقی قمقموں سے آراستہ کریں اور وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کے لئے دعائیہ تقاریب کا انعقاد کیا جائے۔ اس سلسلے میں ملک کے مختلف شہروں میں وحدت سکاوٹس کی طرف سے جشن آزادی ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کے اس موقعہ پر اپنے ان شہداء کو فراموش نہ کیا جائے جنہوں نے وطن عزیز کی حفاظت کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ملک دشمنوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوئے۔
خبر کا کوڈ : 660915
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش