0
Friday 18 Aug 2017 14:54

جماعت اسلامی نے این اے 120 میں ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کو امیدوار نامزد کر دیا

جماعت اسلامی نے این اے 120 میں ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کو امیدوار نامزد کر دیا
اسلام ٹائمز۔ لاہور پریس کلب میں دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے مرکزی پارلیمانی بورڈ نے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ لاہور کے حلقہ این اے 120 کے جماعت اسلامی کے رہنماء ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ الیکشن لڑیں گے۔ ضیاءالدین انصاری کے کاغذات جمع کروائے گئے تھے جو منظور ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے یکم مارچ 2016ء کو کرپشن فری پاکستان تحریک شروع کی تھی۔ وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی سے کرپشن کیخلاف ہماری تحریک کو تقویت ملی ہے، جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ احتساب سب کا ہونا چاہیے دبئی لیکس اور پانامہ لیکس میں شامل دیگر افراد کا بھی احتساب ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ 1996ء میں سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین مرحوم نے کرپشن کیخلاف تاریخی دھرنا دیا تھا ہم آج بھی کرپشن فری پاکستان تحریک چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این اے 120 سے نااہل ہونیوالے سابق وزیراعظم نواز شریف نے اقتدار میں آکر عوام کے حقیقی مسائل پر توجہ نہیں دی انہیں نے صرف میگا پروجیکٹس پر اپنے مفادات کیلئے کام کیا اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی پالیسیوں سے غریب عوام کی زندگی اجیرن بن گئی ہے اور این اے 120 کے جن ووٹرز نے نواز شریف کو ووٹ دیئے تھے ان کو بھی نظر انداز کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں جماعت اسلامی این اے 120 میں الیکشن جیتتی رہی ہے اور ہمارے نمائندے حافظ سلمان بٹ اور سید اسعد گیلانی اسی حلقہ سے ایم این اے رہ چکے ہیں، اب بھی جماعت اسلامی نے ضیاء الدین انصاری جو کہ اس حلقے کے حقیقی عوامی نمائندے ہیں جنہیں الیکشن کے میدان میں اُتارا ہے ان شاءاللہ ہم این اے 120 کے ایک ایک گھر تک جائیں گے اور ووٹرز کو امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا پیغام پہنچائیں گے، ہم نے انتخابی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے این اے 120 کے 10 سیکٹرز بنا دیئے ہیں ان شاءاللہ ہم بھر پور انداز میں اپنی انتخابی مہم چلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضیاء الدین انصاری نے وکلاء سیاست کے میں بھی بھر پور کردار ادا کیا ہے اور وہ حلقہ این اے 120 اور لاہور شہر میں شرافت، دیانت اور اچھے کردار کے حوالے سے اپنی شناخت رکھتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 662204
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش