0
Saturday 19 Aug 2017 20:29
بلوچستان میں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں

منتخب جمہوری حکومت ہی اصل اسٹبلشمنٹ ہوتی ہے، شاہد خاقان عباسی

ملکی اداروں کے درمیان کوئی محاز آرائی نہیں
منتخب جمہوری حکومت ہی اصل اسٹبلشمنٹ ہوتی ہے، شاہد خاقان عباسی
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہفتہ کو گورنر ہاؤس کوئٹہ میں بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور امن و امان کی صورتحال سے متعلق دو علیحدہ علیحدہ اجلاس منعقد ہوئے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال، وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ میر حاصل خان بزنجو، وفاقی وزیر سیفران جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ، قومی سلامتی کے مشیر جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ، گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، وزیراعلٰی بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری، وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سمیت دیگر اعلٰی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان اورنگزیب حق نے امن و امان اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی۔ اجلاس میں 15 ارب روپے کی لاگت سے بلوچستان کے تمام اضلاع کو گیس کی فراہمی، زرعی ٹیوب ویلز کو بجلی سے سولر سسٹم پر منتقل کرنے، وزیراعظم صحت کارڈ، اور بی آئی ایس پی کے دائرہ کار میں توسیعی سمیت سی پیک کے تحت تشکیل دیئے گئے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ بلوچستان کے تمام اضلاع کو گیس کی فراہمی اور کچھی کینال منصوبے رواں سال مکمل کر لئے جائیں گے۔ کچھی کینال کی بدولت 70 ہزار ایکٹر سے زائد غیر آباد اراضی سیراب ہوگی اور زرعی شعبے میں لوگوں کو روزگار کے نئے مواقع میسر آئینگے، جبکہ تمام اضلاع میں گیس کی فراہمی سے عوام کی مشکلات کا ازالہ ہوگا۔ صوبے میں جاری دیگر منصوبوں کی بدولت عوام کو صحت اور تعلیم سمیت دیگر بنیادی ضروریات زندگی فراہمی ہونگی، جبکہ بی آئی ایس پی کے تحت پروگرام کے دائرہ کار میں وسعت کے باعث غریب لوگوں کو خاطر خواہ مالی ریلیف میسر ہوگی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام جاری منصوبے مقررہ وقت کے دوران مکمل کئے جائیں، تاکہ عوام ان منصوبوں کی افادیت سے بہرہ مند ہوسکیں۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی منتخب حکومت ہی اصل میں اسٹیبلشمنٹ ہوتی ہے۔ اداروں کے درمیان کوئی محاذ آرائی نہیں ہے اور نہ ہی ہوگی۔ معلوم نہیں کہ زرداری صاحب کس چیز کی بات کر رہے تھے۔ اگر ملک کی بہتری کیلئے ڈائیلاگ ہوتے ہیں تو ڈائیلاگ میں زرداری صاحب کو بھی شامل ہونا چاہیے۔ الیکشن کا سال ہے، ہر کوئی بیانات دے رہا ہے۔ اگلے سال 4 جون کے الیکشن میں عوام فیصلہ کر دیں گے۔ جو لوگ ریفرنسز فائل کرتے ہیں، وہ کریں ہم ان کا دفاع کریں گے۔ اپنا دفاع کرنا ہر فرد اور ہر ادارے کا حق ہوتا ہے۔ اداروں کے درمیان کوئی محاذ آرائی نہیں ہے اور نہ ہی ہوگی۔ محاذ آرائی صرف اخباروں میں نظر آتی ہے۔ حکومت دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔ اجلاسوں میں بھی امن و امان سے متعلق اہم فیصلے کئے جا رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) پورے پاکستان کی جماعت ہے۔ تاہم سیاسی جماعتوں کے اندر مذاکرات اور تحفظات بھی جاری رہتے ہیں۔ نواز شریف کے ویژن کے تحت تمام منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔ بلوچستان ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ بی آئی ایس پی کو پورے بلوچستان میں پھیلایا جائےگا۔ گیس کے حوالے سے ملک کے تمام صوبے مثبت جا رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 662562
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش