0
Friday 1 Sep 2017 11:43

کالعدم تنظیموں پر قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، شہباز شریف

کالعدم تنظیموں پر قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی صدارت میں صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے اجلاس ہوا، جس میں عیدالاضحی کے موقع پر عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ورلڈ الیون کرکٹ میچ لاہور میں کرانے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عید الاضحٰی کے موقع پر صوبہ بھر میں فول پروف سکیورٹی کے انتظامات یقینی بنائے جائیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں، بازاروں، پارکوں اور مارکیٹوں کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ کالعدم تنظیموں پر قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور میں کسی صورت خلاف ورزی برداشت نہیں کروں گا۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے ملاقات کی، جس میں ملکی صورتحال، سیاسی امور اور بین الاقوامی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سب سے پہلے اپنے ملک کی عزت اور توقیر عزیز ہے، زندہ قومیں چیلنجز کا مقابلہ بہادری سے کرتی ہیں، موجودہ چیلنجز پاکستانی قوم کیلئے نئے مواقع لے کر سامنے آئے ہیں اور ان مواقع سے فائدہ اٹھا کر ملک کو عظیم سے عظیم تر بنانے کا موقع ہے، کسی ملک کو اپنے تعاون کو جواز بنا کر پاکستانی عوام پر ناروا الزامات لگانے یا بے جا مطالبات کا کوئی حق نہیں، عوام اپنی قسمت آپ بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں اور ان عظیم قربانیوں کے باعث آج وطن عزیز پرامن اور محفوظ ہے، بیش قیمت قربانیاں تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھی جائیں گی، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے اقدامات اور قربانیوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جانا چاہیے، ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرکے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانا ہے اور یہ وقت اتفاق اور یکجہتی کا ہے، قوم کو تقسیم کرنے کا نہیں، ملک کیلئے سب کو ایک ساتھ مل کر چلنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 665906
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش