0
Sunday 14 Jun 2009 14:36

لاہور حملے کا ردعمل وزیرستان میں بیت اللہ محسود کے ٹھکانوں پر بمباری، جھڑپیں 118 عسکریت پسند ہلاک

لاہور حملے کا ردعمل وزیرستان میں بیت اللہ محسود کے ٹھکانوں پر بمباری، جھڑپیں 118 عسکریت پسند ہلاک

بنوں، مینگورہ : بنوں،جنوبی وزیرستان،باجوڑ،مہمند ایجنسی، مالاکنڈ میں لڑاکا طیاروں کی بمباری سے 118 عسکریت پسند ہلاک ہوئے جبکہ جنوبی وزیرستان میں صدر بازار مکین اور ملحقہ لشکرکوٹ نامی گائوں میں فضائیہ کے 4 جیٹ طیاروں کی بمباری سے 2 بچے بھی مارے گئے اور سکیورٹی فورسز نے شدت پسندوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دیئے اور جانی خیل کا علاقہ کلیئر کرکے ایف سی قلعے پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے جبکہ کوہاٹ میں قیدیوں کی بس پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکے سے ایک پولیس اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق اور 10زخمی ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ڈاکٹر سرفراز نعیمی کی شہادت کے ردعمل میں جنوبی وزیرستان میں بیت اللہ محسود کے ٹھکانوں پر بمباری کی گئی جس سے متعدد ٹھکانے تباہ ہوگئے۔ دوسری جانب درہ آدم خیل میں طالبان کے 2 گروپس آپس میں لڑ پڑے۔ یہ لڑائی ایک دوسرے کے اہم کمانڈر اغوا کرنے پر ہوئی۔ اورکزئی ایجنسی میں بمباری سے تباہ ہونے والے مکان کے ملبے سے 22 نعشیں برآمد ہوئی ہیں۔ سرحد کے سینئر وزیر بشیر احمد بلور کا کہنا ہے کہ جون کے آخر تک متاثرین کی واپسی شروع کردی جائے گی۔ انہوں نے سرکاری عملے کو 20 جون تک ڈیوٹی پر آنے کی ہدایت کی ہے۔ ثناء نیوز کے مطابق ایف آر بنوں میں تازہ کارروائیوں میں 82 جبکہ جنوبی وزیرستان اور مہمند ایجنسی میں فورسز کی بمباری سے 36 شدت پسند مارے گئے۔ چہارمنگ میں غیر معینہ مدت کیلئے کرفیو نافذ کردیا گیا ہے اور فورسز نے بونیر کے علاقے کڑاکڑ کا کنٹرول حاصل کرکے چیک پوسٹ قائم کردی ہے۔ اے ایف پی کے مطابق آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں بنوں اور مالاکنڈ میں 41 عسکریت پسند مارے گئے۔ جی این آئی کے مطابق جنگی طیاروں نے وزیرستان میں مکین گائوں میں اہم طالبان رہنما بیت اللہ محسود کے ٹھکانے پر حملہ کیا اور فوج نے جنوبی وزیرستان میں شدت پسندوں کے خلاف آپریشن جاری رکھا۔ دوسری جانب امریکی اعلیٰ حکام نے بیت اللہ محسود کے خلاف پاک فوج کی کارروائی شروع کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو کے قتل سمیت پاکستان میں ہونے والے بہت سے خودکش حملوں میں بیت اللہ محسود کا ہاتھ ہے۔ آن لائن کے مطابق جنوبی وزیرستان میں جیٹ طیاروں نے پہلی بار علاقہ مکین کے گنجان آباد بازار اور ملحقہ لشکرکوٹ نامی گائوں پر بمباری کی۔ سرکاری سکول،رہائشی مکانات اور مکین بازار میں متعدد دکانیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔ اے پی پی کے مطابق کوہاٹ میں نامعلوم شدت پسندوں نے کوہاٹ یونیورسٹی کے قریب انڈس ہائی پر ریموٹ کنٹرول بم نصب کیا تھا جہاں سے قیدیوں کی بس گزری تو ریموٹ سے دھماکہ کردیا گیا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق دھماکہ میں 10 کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔

خبر کا کوڈ : 6699
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش