0
Monday 25 Apr 2011 23:55

آمرانہ دور میں دہشت گردی جیسی آفت سے قصدا چشم پوشی اختیار کی گئی، بشیر بلور

آمرانہ دور میں دہشت گردی جیسی آفت سے قصدا چشم پوشی اختیار کی گئی، بشیر بلور
پشاور:اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر اور عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر بشیر احمد بلور نے کہا ہے کہ سابقہ آمرانہ دور میں دہشت گردی جیسی آفت سے قصدا چشم پوشی اختیار کر کے اسکی حوصلہ افزائی کی گئی اور اسے پنپنے دیا گیا مگر ہم نے پائیدار امن کی خاطر جانوں کے نذرانے دے کر اسے آفت کو روکا، ان میں پشاور سے رکن صوبائی اسمبلی حاجی عالمزیب شہید سرفہرست ہیں ہم نے ہر طرح کی قربانی کیلئے تیار ہو کر دہشت گردی کو ختم کرنے کی ٹھان لی ہے کیونکہ اسکی وجہ سے ہماری قوم اور معیشت دونوں غیرمحفوظ ہیں ہم نہ صرف دہشت گردی کی جڑیں اور نیٹ ورک توڑنے میں کامیاب ہوئے بلکہ ترقیاتی عمل بھی تیز کیا، وہ اپنے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں رکن صوبائی اسمبلی حاجی اورنگزیب خان کی زیر قیادت حلقہ پی کے ون کے عمائدین کے ایک وفد سے باتیں کر رہے تھے
 وفد نے سینئر وزیر کو اپنے علاقوں کے بعض شہری مسائل و مشکلات سے آگاہ کیا اور ان کے ازالے میں ذاتی دلچسپی لینے کی درخواست کی، بشیر بلور نے انکے معروضات ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا یقین دلاتے ہوئے یہ عزم دہرایا کہ صوبے کے عوام بالخصوص دارالحکومت پشاور کے شہریوں کی بے لوث خدمت انکی جماعت کا نصب العین اور عوام کیلئے جینا مرنا ہمارا طرہ امتیاز ہے انہوں نے کہا کہ ہماری اپنی ہی حکومت میں میرے اور پارٹی کے مرکزی و صوبائی قائدین پر بھی کافی مرتبہ خودکش حملے ہوئے مگر ہم جانتے ہیں کہ زندگی اور موت اللہ تعالی کے ہاتھ میں ہے اسلئے ہم موت یا دہشت گردوں کے ڈر سے عوام کی خدمت میں ہرگز کمی نہیں لانے دینگے اور شہریوں کا معیار زندگی بہتر بنانے اور یہاں معاشی ترقی کیلئے کوششیں ہر قیمت پر جاری رکھیں گے بشیر بلور نے کہا کہ پشاور شہر کی ترقی اور خوبصورتی نیز شہر یوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے ٹھوس اقدامات پر عمل ہر صورت جاری رکھا جائے گا اس مقصد کیلئے حکومتی مشینری کو پوری طرح فعال بنایا گیا ہے۔
 انہوں نے کہا کہ شہر میں آبنوشی، حفظان صحت، مواصلات، ٹریفک، ماحولیات اور دیگر شعبوں میں سہولیات کی بہتری کیلئے بعض میگا پراجیکٹس شروع کئے جارہے ہیں جن میں تین ارب روپے کی لاگت سے رنگ روڈ کی توسیع و بہتری، ایک کلومیٹر طویل گلبہار چوک فلائی اوورز،شاہی باغ میں شالیمار گارڈن کی طرز پر پارک کی تعمیر اور جناح پارک اور دیگر مصروف چوراہوں میں پرکشش رنگین فواروں کی تنصیب جیسے کئی منصوبوں پر کام شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ رنگ روڈ کے باقی ماندہ حصے کی تکمیل اور دیگر شاہراہوں کی کشادگی بھی اس سال کے کی میگا سکیموں میں شامل ہیں انہوں نے کہا کہ مرکز نے پن بجلی منافع کی ادائیگی شروع کردی ہے جولائی میں اسکی نئی قسط ملنے سے قومی امانت کے طور پر بینکوں میں محفوظ اس رقم سے نئے پن بجلی گھروں کی تعمیر شروع کی جائے گی اسکے علاوہ صوبے میں تیل و گیس سمیت قدرتی وسائل کی بہتات ہے جن سے اب صوبائی خود مختاری ملنے کے بعد بھرپور استفادہ کیا جائے گا اور وسائل کی فراہمی کا آغاز ہوتے ہی صوبے بھر کی طرح پشاور کی ترقی میں بھی نمایاں تیزی آئے گی انہوں نے یقین دلایا کہ وارسک ڈیم سے پشاور شہر کو پانی کی فراہمی کے پلان کو بھی عملی جامہ پہنایا جائے گا کیونکہ یہ ہمارے مفاد میں ہے اور آبنوشی کا مسئلہ دائمی حل ہونے کے علاوہ بجلی کی بچت بھی ہوگی انہوںنے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی ریلیف کے کئی دوسرے منصوبوں پر بھی کام کر رہی ہے وفد نے انکے معروضات توجہ سے سننے اور انکے ازالے کیلئے موقع پر احکامات جاری کرنے پر سینئر وزیر کا شکریہ ادا کیا اور صوبائی حکومت کی ترقیاتی پالیسیوں پر عمل درآمد میں مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا۔
خبر کا کوڈ : 67856
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش