0
Thursday 26 Oct 2017 18:07

پشاور این اے 4، پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی جاری

پشاور این اے 4، پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی جاری
اسلام ٹائمز۔ پشاور کے حلقہ این اے 4 کے ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کا وقت ختم ہو گیا۔ قومی اسمبلی کی نشست پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بلاتعطل شام 5 بجے تک جاری رہی۔ پولنگ کیلئے پولنگ اسٹیشنوں پر رش دیکھا گیا، بزرگ، خواتین اور معذور افراد بھی ووٹ ڈالنے آئے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی انتخاب کیلئے کچھ پولنگ اسٹیشنوں پر پہلی بار الیٹرانک ووٹنگ مشینوں کا استعمال کیا گیا۔ پولنگ کے موقع پر زبردست سکیورٹی انتظامات کئے گئے۔ فوج کے جوان بھی پولنگ سٹیشنز پر تعینات کئے گئے تھے۔ پولنگ کے دوران بعض مقامات پر بدنظمی دیکھنے میں آئی، آئی جی خیبر پختونخوا صلاح الدین محسود نے مختلف پولنگ سٹیشنز کا دورہ کیا اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حلقے کے مختلف علاقوں سے 10 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ بڈھ بیر میں کسی اور کا ووٹ ڈالنے کی کوشش میں پولیس اہلکار بھی پکڑا گیا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما گلزار احمد کی موت کے بعد خالی ہونے والی نشست پر انتخاب لڑنے کیلئے 14 سے زائد امیدوار مدمقابل ہیں جن میں سے 9 آزاد جبکہ 5 کا تعلق سیاسی جماعتوں سے ہے۔

حلقے میں 3 جماعتوں تحریک انصاف، عوامی نیشنل پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔ حلقے میں سکیورٹی کیلئے پولیس کے 7 ہزار اہلکار تعینات کئے گئے ہیں اور حساس پولنگ اسٹیشنز پر پاک فوج کے جواب بھی تعینات ہیں۔ 3 لاکھ 97 ہزار 904 رجسٹرڈ ووٹروں پر مشتمل حلقہ زیادہ تر مضافاتی علاقوں پر مشتمل ہے، جو ایک طرف قبائلی علاقے خیبر ایجنسی سے ملا ہوا ہے اور اس میں قبائلی علاقہ جات آیف آر پشاور بھی آتا ہے۔ گذشتہ عام انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدوار گلزار خان نے مسلم لیگ (ن) کے موجودہ امیدوار ناصر خان موسٰی زئی کو 34 ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دی تھی۔ عام انتخابات میں ناصر خان موسٰی زئی 20 ہزار سے زیادہ ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر آئے تھے جبکہ تیسری پوزیشن جماعت اسلامی کے حصے میں آئی تھی۔ دوسری جانب یونین کونسل 56 زنگلی کے عوام نے این اے 4 کے ضمنی انتخاب کا بائیکاٹ کر دیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ بجلی ہے نہ پانی، گیس بھی نہیں آتی، سیاستدانوں کی صرف آنیاں جانیاں ہیں۔
خبر کا کوڈ : 679401
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش