0
Sunday 29 Oct 2017 17:18

ایم کیو ایم کے رہنماء و ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ پاک سرزمین پارٹی میں شامل

ایم کیو ایم کے رہنماء و ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ پاک سرزمین پارٹی میں شامل
اسلام ٹائمز۔ ایم کیو ایم پاکستان سے تعلق رکھنے والے شہر قائد کے ڈپٹی میئر ارشد وہرا مصطفیٰ کمال کی پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاک سرزمین پارٹی نے ایم کیو ایم پاکستان کی ایک اور اہم وکٹ گرا دی ہے اور کراچی کے ڈپٹی میئر ارشد وہرہ نے پی ایس پی میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔ پی ایس پی ترجمان کے مطابق ارشد وہرہ کے علاوہ بھی بہت سے اہم رہنماء رابطے میں ہیں۔ ارشد وہرہ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ممبر اور 2 بار رکن سندھ اسمبلی رہ چکے ہیں۔ اس موقع پر پی ایس پی کے صدر انیس قائم خانی کا کہنا تھا کہ 2 افراد سے شروع ہونے والی جماعت آج ایک قافلے کی صورت اختیار کر چکی ہے، آج ہماری جماعت میں شمولیت کے بعد ارشد وہرہ ایک برے انسان بن جائیں گے، کیونکہ جو فرد بھی ایم کیو ایم کو چھوڑ کر پی ایس پی میں شامل ہوتا ہے، وہ فاروق ستار کی نظر میں برا انسان ہوتا ہے، فاروق ستار سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ اپنے تمام ایم پی ایز اور ایم این ایز سے استعفیٰ دلوائیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ارشد وہرہ کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام سے کئے گئے وعدے پورے نہ کرنے پر ندامت ہے، اسی لئے ایم کیو ایم پاکستان کو بھی چھوڑنے کا فیصلہ کیا، ہم عوام کے مجرم بن گئے ہی، کیونکہ ہمارے پاس جو وسائل موجود تھے، انہیں بھی عوام کی فلاح و بہبود کیلئے استعمال نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے بہت سے رہنما پی ایس پی میں شامل ہونا چاہتے ہیں، لیکن میں نے انہیں اپنے ساتھ آنے سے منع کیا اور کہا کہ وہ مناسب وقت پر فیصلہ کرنے کا انتظار کریں۔
خبر کا کوڈ : 680047
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش