0
Friday 10 Nov 2017 22:43

لاہور میں چہلم امام حسین علیہ السلام کا مرکزی جلوس کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا

لاہور میں چہلم امام حسین علیہ السلام کا مرکزی جلوس کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا
اسلام ٹائمز۔ لاہور میں حضرت امام حسین علیہ السلام  اور دیگر شہداء کربلا کے چہلم کا مرکزی جلوس حویلی الف شاہ سے برآمد ہوا جس میں کثیر تعداد میں عزاداروں نے شرکت کی اور ماتم و نوحہ خوانی کی۔ جلوس کے روٹ پر شہداء کربلا کی یاد میں جگہ جگہ پانی کی سبیلیں اور لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا۔ نواسہ رسولؑ کے چہلم کا مرکزی جلوس حویلی الف شاہ سے برآمد ہوا، جلوس میں مرد و خواتین سمیت بچوں نے شہداء کربلا کے غم میں ماتم و نوحہ خوانی کی۔ جلوس اپنے مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا مسجد وزیر خان اور خرادیاں محلہ سے اندرون اکبری دروازہ اور چوک نواب صاحب قیام پذیر ہوا، مختصر قیام کے بعد جلوس باب الحوائج سے محلہ شیعاں سے گزرتا ہوا واپس چوک نواب صاحب اور نثار حویلی پہنچا۔ جلوس کے قیام کے دوران عزاداروں نے زنجیر زنی بھی کی۔ جلوس کے شرکاء نے رنگ محل چوک میں نماز ظہرین ادا کی جہاں مختلف شیعہ جماعتوں کے قائدین نے عزاداروں سے خطاب بھی کیا۔ رہنماؤں نے مجلس وحدت مسلمین کے رہنما سید ناصر عباس شیرازی کے اغواء کی مذمت کی۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے سیاسی انتقام شروع کر رکھا ہے اور اپنے سیاسی مخالفین کو ہراساں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کے ایما پر ایلیٹ فورس اور سی ٹی ڈی نے ہی ناصر شیرازی کو اغوا کیا ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ اگر ناصر شیرازی کا بازیاب نہ کروایا گیا تو چہلم کے بعد لائحہ عمل کا اعلان کریں گے جس کے بعد حکومت گراؤ تحریک چلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے اقتدار خطرے میں پڑ چکا ہے۔ قیام کے بعد جلوس مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا پرانا کوتوالی چوک اور سنہری مسجد تک پہنچا۔ جہاں سے جلوس ٹبی سٹی، حکیماں والا بازار سے ہوتا ہوا بھاٹی گیٹ پہنچا جہاں سے بھاٹی چوک سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر الوداع ہوا۔ اس موقع پر خصوصی دعا کی گئی۔  اس موقع سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ جلوس میں شریک ہونیوالے عزاداروں کی 3 درجاتی تلاشی لی گئی۔ جلوس کے راستے میں آنیوالی بلند عمارتوں پر سنائپر تعینات کئے گئے تھے۔ سیف سٹی اتھارٹی نے خصوصی طور  پر جلوس کے روٹ پر کیمرے بھی نصب کر رکھے تھے جن کے ذریعے جلوس کی مانیٹرنگ کی جاتی رہی۔
خبر کا کوڈ : 682537
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش