0
Monday 4 Dec 2017 13:39

ہری پور، بھارت نواز نعرہ لکھنے پر ایک شخص گرفتار

ہری پور، بھارت نواز نعرہ لکھنے پر ایک شخص گرفتار
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور میں پولیس نے ایک شخص کو اپنے گھر کی دیوار پر بھارت نواز نعرہ تحریر کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔ ضلع ہری پور پولیس نے اس گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ ملزم کو عدالت میں پیش کرنے کے بعد جیل منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق اطلاع ملی تھی کہ مکھن کالونی میں ایک گھر کی دیوار پر "بھارت زندہ باد" کا نعرہ لکھا ہوا ہے جس پر کارروائی کی گئی۔ پولیس کے مطابق جب گھر والوں سے اس بابت پوچھا گیا تو معلوم ہوا کہ یہ نعرہ مبینہ طور پر اسی گھر میں مقیم ساجد شاہ نامی شخص نے لکھا ہے۔ پولیس نے ساجد شاہ کو گرفتار کرکے اس کے خلاف دفعہ 505 کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ اس دفعہ کے تحت ملزم کو 7 سال تک قید کی سزا اور جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق 20 سالہ ملزم ایک فیکٹری میں ملازمت کرتا ہے اور وہ بھارتی فلموں کا بے انتہا شوقین ہے۔ پاکستان اور بھارت ہمسایہ ملک ہیں لیکن ان دونوں کے درمیان شروع ہی سے تعلقات اتار چڑھاؤ کا شکار رہے ہیں جن میں کشیدگی کا عنصر غالب رہا ہے۔

دونوں ملکوں میں روایتی حریف کے حق میں نعرے بازی کو ریاست مخالف تصور کیا جاتا ہے اور ماضی میں بھی ایسے واقعات رونما ہوچکے ہیں جن میں مخالف ملک کی کھلے عام تعریف یا اس کے حق میں نعرے بازی پر لوگوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ رواں سال جون میں بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کی پولیس نے 15 مسلمان شہریوں کو اس بنا پر گرفتار کیا تھا کہ انہوں نے چیمیپئنز ٹرافی میں پاکستان ٹیم کی فتح پر جشن منایا تھا، ان کے خلاف بغاوت کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا لیکن بعد ازاں یہ الزام واپس لے لیا گیا تھا۔ گزشتہ سال کے اوائل میں پاکستانی پولیس نے ضلع اوکاڑہ کے ایک گاؤں سے ایک نوجوان کو اس وقت گرفتار کیا تھا جب اس نے اپنے گھر پر بھارتی پرچم لہرایا تھا۔ پولیس کے مطابق یہ نوجوان بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کا مداح ہے اور اپنے محبوب کھلاڑی کی شاندار کارکردگی پر اس نے اپنے گھر پر بھارتی پرچم لہرا دیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 687589
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش