0
Friday 29 Dec 2017 06:41

ریاستی اداروں کے مابین فاصلے اور غلط فہمیاں پیدا کرنے والے ملک سے زیادتی کر رہے ہیں، خواجہ سعد رفیق

ریاستی اداروں کے مابین فاصلے اور غلط فہمیاں پیدا کرنے والے ملک سے زیادتی کر رہے ہیں، خواجہ سعد رفیق
اسلام ٹائمز۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں ایک ذمے دار اور سنجیدہ شخص ہوں اور کبھی غیر ذمہ دارانہ یا غیر آئینی رویہ نہیں اپنایا جب کہ میجر جنرل آصف غفور مثبت آدمی ہیں اس لیے ان کے رد عمل پر دلی دکھ ہوا۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ میں ایک ذمے دار اور سنجیدہ شخص ہوں، کبھی غیر ذمہ دارانہ یا غیر آئینی رویہ نہیں اپنایا اور ماتحت نظام کو کبھی ٹارگٹ کیا نہ ہی اس کا تصور کرسکتا ہوں، جب کہ میجر جنرل آصف غفور مثبت آدمی ہیں، ان کے رد عمل پر دلی دکھ ہوا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ والدِ محترم کی برسی پر میری ساری تقریر قومی اداروں کے مابین ہم آہنگی، مفاہمت اور متحد ہو کرملک کے لئے کام کرنے کا بیانیہ ہے لیکن میری تقریر کے بعد مخصوص چینلز نے میری بات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر اور توڑ مروڑ کر پیش کیا جب کہ27 منٹ طویل تقریر بالائے طاق رکھ کر چند الفاظ پر رائے قائم کرنا مناسب نہیں ہے۔ 

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ جاننے والے جانتے ہیں کہ میں ریاستی اداروں کے مابین ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے خاموش کردار ادا کرتا رہتا ہوں جب کہ ریاستی اداروں کے مابین فاصلے اور غلط فہمیاں پیدا کرنے والے ملک سے زیادتی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں شکایات پیدا ہوتی ہیں تو اسے خاموشی سے متعلقہ اتھارٹی کو مطلع کرتے ہیں یا پھر اسے جذبت کرلیتے ہیں، یقین رکھتا ہوں کہ ہم تدبر فراست اور باہمی اتحاد ہی سے آگے بڑھ سکتے ہیں۔ واضح رہے وزیرریلوے سعد رفیق کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ سعد رفیق کا بیان غیرارادی نہیں انتہائی غیر ذمے دارانہ ہے جب کہ پاک فوج ایک ڈسپلن ادارہ ہے اور آرمی چیف کے ایک اشارے پر پوری فوج وہاں دیکھنا شروع ہوجاتی ہے جہاں وہ چاہتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 693228
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش