0
Wednesday 3 Jan 2018 18:44

پاک بحریہ کا سمندر اور خشکی پر ہدف کو نشانہ بنانے والے کروز میزائل کا کامیاب تجربہ

پاک بحریہ کا سمندر اور خشکی پر ہدف کو نشانہ بنانے والے کروز میزائل کا کامیاب تجربہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان نیوی نے اندرون ملک تیار کردہ سمندر اور خشکی پر ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کے حامل کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ پاک بحریہ کے اعلامیے کے مطابق پی این ایس ہمت نے اندرون ملک تیار کردہ حربہ نیول کروز میزائل فائر کیا جو سطح آب سے سطح آب پر مار کرنے والا اینٹی شپ اور زمینی حملے کی صلاحیت کا حامل میزائل ہے۔ اعلامیے میں بتایا گیا کہ میزائل نے اپنے ہدف کو پوری کامیابی سے نشانہ بنایا جو اس ویپن سسٹم کی حربی صلاحیت کا واضح ثبوت ہے۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس عالمگیر سے فائرنگ کے اس مظاہرے کو دیکھا۔ لائیو ویپن فائرنگ کا یہ کامیاب مظاہرہ نہ صرف پاک بحریہ کی فائر پاور کی قابل اعتماد اور بھرپور صلاحیت کا مظہر ہے بلکہ پاکستان کی دفاعی صنعت کی اندرون ملک ہائی ٹیک ہتھیار سازی کی معیاری صلاحیت کا عکاس ہے اور اس شعبے میں خود انحصاری کے حصول کے لیے حکومتی عزم کی واضح دلیل ہے۔

اس موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاکستان نیول فلیٹ یونٹس کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور ان تمام متعلقہ افراد کی کاوشوں کو سراہا جن کی بدولت اس اہم سنگ میل کا حصول ممکن ہوا۔ انہوں نے اندرون ملک دفاعی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور بیرونی ممالک پر انحصار کم سے کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ پاکستان کے بحری دفاع اور مفادات کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنائے گی۔ انہوں نے حربہ نیول ویپن سسٹم منصوبے کو کامیابی سے ہمکنار کرنے والے انجینئرز اور محققین کی بھی تعریف کی۔
خبر کا کوڈ : 694504
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش