0
Thursday 5 May 2011 20:41

ایبٹ آباد آپریشن پر صدر اور وزیراعظم استعفیٰ دیں، اب ایک بھی ڈرون حملہ ہوا تو نیٹو کی سپلائی ملک بھر میں روک دیں گے، عمران خان

ایبٹ آباد آپریشن پر صدر اور وزیراعظم استعفیٰ دیں، اب ایک بھی ڈرون حملہ ہوا تو نیٹو کی سپلائی ملک بھر میں روک دیں گے، عمران خان
لاہور:اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ امریکی آپریشن پر صدر اور وزیراعظم استعفیٰ دیں، آرمی چیف جنرل کیانی واقعہ کی وضاحت کر کے قوم کو اعتماد میں لیں بصورت دیگر وہ بھی عہدے سے مستعفی ہو جائیں، پیپلز پارٹی اپنے اصولوں سے منحرف ہو گئی ہے جبکہ حکمران قوم کو بے وقوف بنا رہے ہیں، (ق)لیگ کو قاتل لیگ کہنے والے اب اس کی گود میں جا بیٹھے ہیں، ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ حکمرانوں نے اپنی قائد محترمہ بینظیر بھٹو کا خون بیچ دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوکاڑہ کے مرکزی رہنما ڈاکٹر شمیم الحق، تحریک انصاف کے ضلعی صدر حفیظ بلوچ اور یوتھ ونگ ضلع اوکاڑہ کے صدر فیاض احمد چشتی کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
عمران خان نے کہا کہ صدر زرداری نے محترمہ بینظیر بھٹو کے چہلم پر ق لیگ کو قاتل قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ ہم اپنے قائدین کے مشن کو جاری رکھیں گے۔ ق لیگ نے پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا۔ پاکستانی قوم اور بالخصوص جیالوں نے ق لیگ کے خلاف سخت مہم شروع کر دی اور ان کو شکست سے دوچار کیا۔ قوم کو محترمہ بینظیر بھٹو کے ساتھ ہمدردی تھی تو اس کی پارٹی کو کامیابی ملی، لیکن ق لیگ کے ساتھ شراکت اقتدار کا سمجھوتہ کر کے اس کی روح کو تڑپایا گیا ہے۔ بینظیر بھٹو کی روح موجودہ حکمرانوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ آج ملک میں جو حالات ہیں، بالخصوص بجلی، گیس، پٹرولیم مصنوعات کا بحران، ان سب بحرانوں کی ذمہ دار ق لیگ تھی، دونوں پارٹیوں نے اپنے اپنے اصولوں کی سودے بازی کرکے قوم کو دھوکہ دیا ہے۔ تقریباً تین سال سے زیادہ وقت زرداری حکومت کو ملا، بجلی، پٹرول کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔ ہر روز پٹرول کی قیمت بڑھا دی جاتی ہے۔ پٹرول کی وجہ سے بجلی اور گیس بھی مہنگی ہو گئی ہے۔ غریب آدمی اپنی موت آپ  نہیں مر رہے بلکہ حکمران غریبوں کو مارنے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ اسامہ بن لادن اب دنیا میں نہیں تو امریکہ کا پاکستان میں کیا کام ہے؟ ایک بات پر انتہائی افسوس ہے کہ امریکی چار ہیلی کاپٹر پاکستانی حدود میں تقریباً پون گھنٹہ تک آپریشن کرتے رہے اور پاکستان کی سیکیورٹی کو علم نہیں ہوا، افسوس ہے۔ آج امریکی ہیلی کاپٹر پاکستان میں داخل ہوئے، کل کسی بھی ملک کا جنگی جہاز یا ہیلی کاپٹر پاکستان میں دہشتگردی کر جائے تو ذمہ دار کون ہو گا؟ موجودہ حکمران اپنے مفادات کی جنگ لڑ رہے ہیں، پاکستانی بقاء کی نہیں۔ پاکستان کی فوج دنیا کی سب سے بہادر فوج ہے اس کی مثال پوری دنیا میں نہیں ملتی۔
دریں اثناء پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اتوار کو مرکزی سینٹرل کمیٹی کے اجلاس میں ایسا لائحہ عمل تیار کرے گی، جس سے قوم کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے نیا راستہ دکھایا جائے گا۔ غیر ملکی میڈیا یلغار اور حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملک و قوم ایک دلدل میں پھنس چکے ہیں۔ ہمارے دشمن، افواج پاکستان اور آئی ایس آئی پر الزام تراشیاں کر رہے ہیں۔ عالمی سطح پر یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ پاکستان دوغلی گیم کھیل رہا ہے۔ ملک کی لیڈرشپ سامنے نہیں آ رہی۔ صدر کو قوم سے خطاب کرنا چاہیے تھا۔ وزیراعظم کے بیان سے پاکستان کو مزید نقصان پہنچا ہے۔ اب امریکہ کی طرف سے وزیرستان آپریشن کیلئے دباﺅ بڑھے گا اور انتہا پسند بھی پاکستان کو ٹارگٹ بنائیں گے، دونوں طرف سے پاکستان کو ہی نقصان ہو گا۔ پہلے بھی ہمارا 168 ارب ڈالر اور 34 ہزار قیمتی جانوں کا نقصان ہو چکا ہے، لیکن دوسری طرف ہمارے پاس سنہری موقع ہے کہ ہم امریکہ سے کہیں کہ اسامہ بن لادن مر گیا، اب وہ جنگ بند کر دیں۔ افغانستان اور پاکستان سے چلے جائیں۔ امریکی جنگ القاعدہ کے خلاف تھی، طالبان کا بھی یہی مطالبہ ہے کہ امریکہ یہاں سے چلا جائے۔ اسامہ مرگیا یا زندہ ہے مجھے نہیں معلوم، لیکن اس ایونٹ کا سارا فال آﺅٹ پاکستان پر آئے گا۔ منتخب حکومت کو چاہیے کہ وہ سامنے آئے اور ذمہ داری اپنے اوپر لے، ورنہ مستعفی ہو جائیں لیکن حکمران تو (ق) لیگ کے ساتھ بندر بانٹ میں مصروف ہیں۔
پیپلز پارٹی ا ور (ق) لیگ ایک دوسرے کی کرپشن چھپانے میں لگے ہوئے ہیں۔ انقلاب کا نعرہ لگانے والی ایم کیو ایم بھی اقتدار میں شامل ہو گئی ہے۔ جعلی ووٹر لسٹ اور جعلی الیکشن پر منتخب ہونے والی جعلی حکومت کی جمہوریت بھی جعلی ہے، جس میں عوام کیلئے کچھ نہیں، صرف ذاتی مفادات ہیں۔ حالات کا تقاضا ہے کہ غیرجانبدار الیکشن کمیشن، اصلی ووٹر لسٹیں اور نادرا کے شناختی کارڈ پر الیکشن کرائے جائیں۔ تحریک انصاف پورے ملک میں کلین سویپ کرے گی۔ ہم اقتدار میں آ کر ڈالروں کی خاطر امریکہ کی جنگ سے باہر آ جائیں گے اور 90 دنوں میں دہشتگردی سمیت تمام بحرانوں کو حل کر دیں گے۔ میں وزیراعظم ہوتا تو آج ملک و قوم کو شرمندگی نہ اٹھانا پڑتی۔ کبھی بھی امریکہ کی جنگ میں صرف ڈالروں و اقتدار کیلئے اپنے لوگوں کا خون فروخت نہ کرتا۔ دہشتگردی کا مقابلہ ہم خود اپنی فورسز کے ذریعے کرتے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اب ایک بھی ڈرون حملہ ہوا تو ہم نیٹو کی سپلائی پورے ملک میں جگہ جگہ روک دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 70055
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش